یمن پر اسرائیل کا حملہ، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ بال بال بچ گئے، طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی

یمن پر اسرائیل کا حملہ، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ بال بال بچ گئے، طیارے کے عملے ...
یمن پر اسرائیل کا حملہ، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ بال بال بچ گئے، طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی
سورس: Facebook

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

صنعا (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم گیبریس نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی ٹیمیں اس وقت صنعاء ایئرپورٹ پر موجود تھے جب اسرائیلی فضائی حملہ  ہوا، اس حملے کے  نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ حوثیوں کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں تین افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے  سربراہ نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیمیں اقوام متحدہ کے عملے کے اغوا شدہ ارکان کی رہائی کے لیے یمن میں موجود تھے اور ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور، ڈیپارچر لاؤنج اور رن وے کو نقصان پہنچا، اور ان کے  طیارے کے عملے کے رکن کو بھی چوٹیں آئیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس حملے کا مقصد حوثی باغیوں سے وابستہ فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا تھا۔ یمنی ذرائع نے اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ ایئرپورٹ کا کنٹرول ٹاور نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے ایئرپورٹ کے  آپریشنز متاثر ہوئے۔ اس حملے کے بعد  اسرائیلی حکام نے کہا کہ وہ یمن میں حوثی گروپ کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے  کہ جب تک حوثیوں کے انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جاتا، اسرائیلی فضائی حملے جاری رہیں گے۔
 الجزیرہ ٹی وی کے مطابق جمعرات کو ہونے والے حملوں میں یمن کے دو  پاور سٹیشنز کے علاوہ الحدیدہ، صالح اور رس کاناتب کی بندرگاہوں میں فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ صنعاء ایئرپورٹ اور الحدیدہ پاور سٹیشن پر ہونے والے حملوں کی رپورٹ الحوثی گروپ کے زیر انتظام ٹی وی چینل "المسیرہ" نے بھی دی۔

یمنی صحافی حسین البخیتی نے الجزیرہ کو بتایا کہ صنعاء کے ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کا مقصد ایئرپورٹ کے ایک کنٹرول ٹاور کو نشانہ بنانا تھا، جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے  آپریشنز متاثر ہوئے۔ ایک اور یمنی صحافی محمد الاتاب نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اسرائیلی فوج نے صنعاء ایئرپورٹ پر حملہ کیا ہے۔

اسرائیلی حملےاس حملے کے  ایک دن بعد کیے گئے ہیں جب یمن کے حوثیوں نے جو شمال مغربی یمن اور صنعاء کے ساتھ  بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے پر قابض ہیں، اسرائیل کی جانب ایک بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون داغے تھے۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک کھیل کے میدان پر میزائل گرنے سے 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔ "المسیرہ" ٹی وی کے مطابق  اسرائیلی حملوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہو چکے ہیں۔