نوجوانوں کو سہولیات اور مراعات کے ساتھ مواقع فراہم کئے جائیں ‘شہریار علی ملک

نوجوانوں کو سہولیات اور مراعات کے ساتھ مواقع فراہم کئے جائیں ‘شہریار علی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( آن لائن )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ینگ انٹرپرینیورز کے چیئرمین شہریار علی ملک نے نوجوانوں کو سہولیات اور مراعات کے ساتھ ساتھ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ وہ جنوبی ایشیاء سے غربت کے خاتمے اور خطے میں ترقی و جدت کے لئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سارک چیمبر آف کامرس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 70ویں اجلاس میں علاقائی ترقی کے لئے ینگ انٹرپرینیورز کے کردار کے حوالے سے منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء4 کے نوجوانوں کو جدید تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے اور دوسروں کے لئے روزگار کاباعث بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ سارک کے خطے کو غربت اور بیروز گاری جیسے یکساں مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کو نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری اور نکھار پیدا کرکے اور ان کو ترقی دے کر کم کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا خطہ بہتری کی طرف گامزن ہے۔نوجوانوں کو جدید تعلیم سے بہرہ ور کرکے نہ صرف غربت میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ معاشی ترقی کی رفتار میں بھی بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا غربت اور بیروزگاری ہمارے معاشرے کے بڑے مسائل ہیں اور خطے کے نوجوانوں کو ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے مل کرکام کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سارک چیمبر رکن ممالک میں بیروزگاری اور غربت میں کمی لانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑاملک ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے پاپولیش فنڈز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 200ملین میں سے 63 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جن میں سے 58.5فیصد ایسے نوجوان ہیں جن کی عمر 20سے 24سال ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء4 کے ممالک بالخصوص سارک بالعموم نوجوان کی ترقی اور بہتری کے لئے وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی سے نہ صرف جیو پولیٹیکل مسائل میں کمی آتی ہے بلکہ اس سے غربت میں کمی، سکولوں کانظام بہتر کرنے اور طویل المدتی پائیدار ترقی کی رفتار کوتیز کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوتا ہے۔ اس موقع پر موجود شرکاء4 نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے نوجوانو ں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ ۔#/s#

مزید :

کامرس -