ڈیفنس کراچی میں 2 گروپوں میں تصادم، اکبر بگٹی کا بھانجا اور بھتیجا قتل

ڈیفنس کراچی میں 2 گروپوں میں تصادم، اکبر بگٹی کا بھانجا اور بھتیجا قتل
ڈیفنس کراچی میں 2 گروپوں میں تصادم، اکبر بگٹی کا بھانجا اور بھتیجا قتل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں دو گروپوں میں مسلح تصادم میں 5 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، مرنے والوں کا تعلق بگٹی قبیلے سے ہے۔

 صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق ہلاک شدگان میں بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نوابزادہ اکبر بگٹی کے بھتیجے اور بھانجے بھی شامل ہیں۔

نجی ٹی وی" آج نیوز" کے مطابق وزیرداخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی، ملوث عناصرکے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 نشاط کمرشل میں بگٹی قبیلے کے افراد نے ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں، 5افراد جاں بحق 2زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کا کسی معاملے پر تنازع چل رہا تھا.

فائرنگ سے ہلاک فہد بگٹی، نصیب اللہ بگٹی، میرمہسم بگٹی، میرعیسی بگٹی، میرعلی بگٹی جانبر نہ ہوسکے، زخمیوں میں میرحیدر بگٹی اور قائم علی بگٹی شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

مرنے والے فہد بگٹی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اکبر بگٹی کے بھتیجے ہیں۔ ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے کہا کہ تصادم میں ایک گروپ کے3 اور دوسرے گروپ کے دو افراد جاں بحق ہوئے۔ مسلح تصادم فہد بگٹی گروپ اور علی حیدر بگٹی گروپ کے افراد کے درمیان ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق تمام افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق لگتا ہے دونوں گروپوں میں پہلے سے دشمنی چلی آرہی تھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورعلاقے کوگھیرے میں لے لیا، ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، مارے جانے والے اورزخمی افراد کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے، فہد بگٹی نوابزادہ اکبر بگٹی کے بھتیجے ہیں، علی حیدر بگٹی نوابزادہ اکبر بگٹی کے بھانجے ہیں، ان کے مطابق کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، قانون کی رٹ قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔