ٹی او آرز پر حکومتی اور اپوزیشن کی حرکات سے لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے :سردار اختر مینگل
قلات(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزریر اعلیٰ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہاہے کہ ٹی او آرز کے معاملے پرحکومت اور اپوزیشن کے درمیان رکاوٹوں سے معلوم ہو تا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، اگر ٹی او آرز کے معاملے پراپوزیشن متحد ہو کر سڑکوں پر آجائے تو اس سے نہ صر ف حکومت بلکہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی’’ نیوز ون‘‘ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اگر نیب نے ڈیل اور خاموش رہنے کی کوشش کی تو اس سے نیب کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے ،قبائلی جھگڑوں کے حل اور تصفیہ کیلئے رکاوٹوں کو دور کر نے کی کوشش جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے بارے میں پہلے ہونے والے احتساب کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں احتساب نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، اگر کرپشن کرنے والوں کے ساتھ نیب ڈیل کر تا یا خاموش رہتا ہے تو دونوں صورتوں میں نیب کی اپنی ساکھ بری طرح متاثر ہو گی، اگر کرپشن کی تحقیقات میں اس کی جڑوں تک پہنچنے کی بجائے اس کو محدود کر لیا گیا تو یہ بے معنی احتساب ہو گا اور نیب کی ساکھ اور کارکردگی پر سوالیہ نشان بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں اور اداروں کا بلا امتیاز احتساب ہو نا چاہئے اس میں یہ نہ دیکھا جائے کہ کوئی وزیر یا مشیر حکومت یا اپوزیشن سے تعلق رکھتا ہے۔