قومی اسمبلی: بجٹ کی شق وار منظوری کا عمل جاری،اخراجات کم کرنے کی کوشش کرینگے:وزیرخزانہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی اسمبلی میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر کی منظوری کا عمل جاری ہے۔
قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے، اجلاس میں وزیرخزانہ اورسینیٹر اورنگزیب مطالبات زر منظوری کے لئے پیش کررہے ہیں۔ایوان نے شعبہ ہوا بازی کا 4 ارب 48 کروڑ 46 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کرلیا، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کا 14 ارب 38 کروڑ 34 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کیا گیا، اس کے علاوہ کابینہ کا 3 ارب 51 کروڑ 89 لاکھ سے زائد کے مطالبہ زر کی منظور ی دی گئی۔اجلاس کے دوران شعبہ کابینہ کا 3 ارب 33 کروڑ 44 لاکھ سے زائد کا مطالبہ زر منظور کیا گیا جبکہ ہنگامی امداد اور بحالی کے لئے 8 ارب 89 کروڑ 34 لاکھ کے مطالبہ زر منظور ہوئے۔خیال رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنشن اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی، ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہر قیمت پر آگے بڑھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں سادگی اور کفایت شعاری لائیں گے، سٹیشنری، دودھ، ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں اور خیراتی ہسپتالوں سمیت بعض ضروری اشیاء پر ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھا جائے گا۔