کرائسٹ چرچ مسجد میں شہید اریب کراچی میں سپرد خاک، نیوزی لینڈ کا سانحہ کی تحقیقات کیلئے ’’رائل کمیشن‘‘ بنانے کا اعلا ن

کرائسٹ چرچ مسجد میں شہید اریب کراچی میں سپرد خاک، نیوزی لینڈ کا سانحہ کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی،ولنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانی نوجوان اریب کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کراچی کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانے کے نمائندے اریب کی میت کراچی لائے جہاں اسے شہید کے والد نے موصول کیا۔شہید اریب کی میت کو ایئرپورٹ سے رہائشی علاقے فیڈرل بی ایریا لایا گیا تو اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اریب کی نماز جنازہ سنگم گراؤنڈ میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید اریب کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کیلئے 'رائل کمیشن' بنانے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہاکہ پولیس اور انٹیلی جنس ادارے 15 مارچ کو مساجد پر ہونے والے حملوں کو روک سکتے تھے لہٰذا یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک شخص کس طرح 50 افراد کو قتل کرنے کے قابل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ رائل کمیشن کی تفصیلات حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں جو مقررہ وقت میں رپورٹ دے گا۔وزیراعظم جسینڈا نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دہشت گردی کے واقعے کے حقائق جاننے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں اور اس قسم کے واقعات کو کس طرح روکا جائے۔جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ حملہ کیسے ہوا، حملے پر سوشل میڈیا اور ایجنسیوں کا کردار کیا تھا، اس سوال کا جواب ہمیں لازمی دینا ہے کہ ہمیں دہشت گرد کے بارے میں کتنا علم تھا یا کتنا علم ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ محصور ریاست نہیں ہے لیکن اس واقعے پر جواب دینا ہوگا۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملہ کرنے والے 28 سالہ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو سزائے موت کے قانون پر عملدرآمد کے امکان کو مسترد کردیا۔
اریب/ سپرد خاک

مزید :

صفحہ اول -