ام رباب کے والد، دادا اور چچا کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم پکڑا گیا
کشمور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انصاف کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے والی ام رباب کے باپ ، چچا اور دادا کا قاتل بالآخر پولیس نے گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ام رباب کے والد، چچا اور دادا کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم ذوالفقار چانڈیو کو گرفتار کرلیا۔ ملزم بلوچستان سے سندھ کے شہر کشمور جاتے ہوئے پولیس کے ہتھے چڑھا۔ ملزم کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
خیال رہے کہ 17 جنوری 2018 کو ملزم نے تحصیل میہڑ میں فائرنگ کرکے ام رباب کے والد، چچا اور دادا کو قتل کردیا تھا۔ ام رباب نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ اسے انصاف کے حصول کی اس جدوجہد میں شہرت اس وقت ملی جب وہ کراچی رجسٹری میں اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی گاڑی کے سامنے آگئی تھی، بعد ازاں ام رباب کی وہ ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ننگے پیر سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے آئی تھی۔