جولائی ، بجلی کی پیداوار میں 5فیصد اضافہ
فیصل آباد (آئی این پی)ملک میں بجلی کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 4.9 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں ملک میں مختلف ذرائع سے 14839 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 4.9 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں ملک میں مختلف ذرائع سے 14151 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔اعدادوشمار کےمطابق جولائی میں پن بجلی سے 5518، آر ایل این جی 2918، کوئلہ 2180، نیوکلیئر 2107، گیس 1129، ہوا 549، آر ایف او 295اور سولرسے 75 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری کیلنڈر سال کے پہلے 7 ماہ میں ملک میں مختلف ذرائع سے 75861 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 8.5 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال کی اسی مدت میں مختلف ذرائع سے 82948 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔