گوگل پروگرام سے ماہانہ  لاکھوں روپے کمانے کا آسان طریقہ !

گوگل پروگرام سے ماہانہ  لاکھوں روپے کمانے کا آسان طریقہ !

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاکستان کی وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وزارت (منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ) نوجوانوں کو ہنر فراہم کرنے اور روزگار کی بہتری کے لیے مختلف پروجیکٹس چلا رہی ہے۔ ان پراجیکٹس کے ذریعے نوجوان ماہانہ 3سے 5لاکھ روپے تک کما سکتے ہیں۔اس مقصد کے حصول کے لئے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام منتخب طلبہ اور خواہشمند افراد کو مفت سکالر شپ بھی فراہم کرے گا۔
آئی ٹی ٹریننگ پروگرام ہے کیا؟
گوگل آئی ٹی سپورٹ پروگرام پروجیکٹ مینجمنٹ پروفیشنل سرٹیفکیٹ، گوگل ڈیٹا اینالیٹکس، گوگل یوایکس ڈیزائن پروفیشنل سرٹیفیکیٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس پروفیشنل سر ٹیفکیٹ اور آئی ٹی سپورٹ پروفیشنل جیسے سرٹیفکیٹ دے گا۔ہر سرٹیفکیٹ میں 3سے 4 کورسز شامل ہوں گے جو منتخب امیدواروں کو مفت سکھائے جائیں گے۔پروگرام میں شامل شرکاءکو مختلف وسائل استعمال کرنے کی رسائی دی جائے گی، جس میں آن لائن رہنمائی، نیٹ ورکنگ میں رابطوں کے مواقع، فری لانسرز کی رہنمائی اور تعاون، انڈسٹری کے ماہرین کی حمایت اور فری لانسنگ پورٹلز کے استعمال میں معاونت شامل ہے۔ اس وسیع تر پروگرام کا مقصد منتخب طلبہ اور تجربہ کار یا بے روزگار افراد کو مواقع فراہم کرنا ہے، خصوصاً ان لڑکیوں کو جو متعلقہ شعبے میں تجربہ رکھتی ہوں۔ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مختلف مواقع کے ساتھ منسلک کرنا ہے تاکہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے نوکریوں اور فری لانسنگ کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکے۔
آئی ٹی سپورٹ پروگرام ابتدائی طور پر5یونیورسٹیوں اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ یہ کورسز ان پیشہ ور اور بے روزگار افراد کے لیے بھی ہیں جو آن لائن کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس مقصد کے لیے انہیں آئی ٹی پروگرام کی ضرورت ہے۔ان شعبوں میں داخلہ لینے والے طلبہ تمام ضروری معاونت کے ساتھ کورسز کی ایک وسیع تر رینج تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور اگلے 3سے 6ماہ کے اندر جن منتخب مضامین میں سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ان میں ڈیٹا، پراجیکٹ مینجمنٹ، یو ایکس ڈیزائن، گوگل آئی ٹی سپورٹ ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس شامل ہیں۔
گوگل کے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام میں شرکت کے لیے کون اہل ہوگا؟ یہ وظائف ان خواہشمند افراد کے لیے دستیاب ہیں جو 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں۔ وہ طلبہ جو ڈگری پروگرام کے آخری سال میں ہیں یا دوسرے اداروں میں داخلہ لے چکے ہیں وہ بھی اس پروگرام میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔اس کے علاوہ ایسے امیدوار جو آن لائن کام کر کے کمانے میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ سکالر شپس کی کل تعداد 500 ہے۔آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے لیے منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے ساتھ شراکت دار تعلیمی ادارے۔ اس کے علاوہ کچھ ادارے اس پروگرام کے تحت پاکستان کی وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وزارت کے ساتھ شراکت دار ہیں اور ان طلبہ کو پروگرام میں شرکت کرنے کے لیے ترجیح دی جائے گی، وہ ادارے مندرجہ ذیل ہیں:
نیشنل سکلز یونیورسٹی ، قائد اعظم یونیورسٹی ، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ،نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ماتحت تمام پوسٹ گریجویٹ کالجز ، فاسٹ اور نیشنل یونیورسٹی کے لیے محدود سیٹیں بھی دستیاب ہیں۔ حکومت اس پروگرام کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے ملک بھر کے ٹیکنیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں یہ پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے پاکستان بھر کے ہونہار طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم بھی اسی پروگرام کا ایک حصہ ہے ، جس کے اثرات کورونا کے دنوں میں اس وقت سامنے آئے جب آن لان کلاسوں اور آن لائن کاروبار کو عروج ملا ، کیونکہ ملک بھر میں طلبہ کی ایک بڑی تعداد کو میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب جو لیپ ٹاپس دیئے گئے تھے ان سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کی ایک بڑی تعداد نے اپنا کاروبار شروع کیا اور آج وہ گھر بیٹھے لاکھوں روپے کمانے رہے ہیں۔ بعض افراد کی آمدنی تو لاکھوں میں ہے۔
اس حوالے سے حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان گوگل سکالرشپ اور انٹرن شپ دینے کے حوالے سے حال ہی میں ایک معاہدہ طے پایا ہے،نوجوان ماہانہ 1000 ڈالر تک کما سکیں گے۔ کوئٹہ میں حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان معاہدے کی تقریب میں سیکرٹری آئی ٹی طیب لہڑی، سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات اور گوگل ٹیم کے لیڈر عمر فاروق نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لئے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
عبدالعزیز عقیلی کا مزید کہنا تھا کہ اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 1000 سکالر شپ دیئے تھے۔ اس پروگرام کی کامیابی کے بعد اسے مزید وسعت دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے صوبائی محکمہ اطلاعات کا کہنا ہے کہ گوگل حکومت بلوچستان کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرےگا۔سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی ہے۔ گوگل کی جانب سے مزید 2000 سکالر شپ دیئے گئے ہیں، ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے ایک ایک ہزار سکالر شپ شامل ہیں۔حمزہ شفقات نے بتایا کہ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کے پاس انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس ہوں گے جس سے وہ آن لائن جاب حاصل کر سکیں گے۔اس طرح انٹرنز ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل بھی ہو جائیں گے۔ اس پروگرام کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر میں اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے ، جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -