شوگر ایک خطرناک، جان لیوا بیماری،ڈاکٹر ضیاء الاسلام

        شوگر ایک خطرناک، جان لیوا بیماری،ڈاکٹر ضیاء الاسلام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
تھانہ (نمائندہ پاکستان) شوگر ایک خطر ناک اور جان لیوا بیماری ہے جس نے وبائی بیماری کی شکل اختیار کرلی ہے۔ ہر انسان کو خوراک اور عام زندگی میں احتیاط ضروری ہے۔ دین اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی گزارنے سے کئی بیماریوں سے نجات ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف ذیابیطس سپیشلسٹ ڈاکٹر ضیاء الاسلام نے تھانہ میں AIMS کی خصوصی معاونت اور ذیابیطس ایسوسی ایشن کے پی اور مالاکنڈ ذیابیطس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سول ہسپتال تھانہ میں لگائے گئے ایک روزہ فری شوگر کیمپ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر مالاکنڈ ذیابیطس ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر) فریدون خان، جنرل سیکرٹری حمید اللہ خان ایڈوکیٹ، نائب صدر سلطان محمود ایڈوکیٹ اور صوبائی جنرل سیکٹری ایاز نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ لگانے کا مقصد مالاکنڈ جیسے پسماندہ علاقے میں غریب اور بے سہارا لوگوں کے شوگر ٹسٹ ان کا مفت علاج اور اگاہی فراہم کرنا ہے۔ فری شوگر کیمپ میں خواتین اور مرد ڈاکٹروں اور رضاکاروں نے انسانیت کے جذبے کے تحت خدمات فراہم کیں۔ کیمپ انچارج ڈاکٹر داؤد نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے صوبے میں فری شوگر کیمپ لگاتے چلے آرہے ہیں۔ اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی برس سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد فیز 5 میں قائم شوگر ہسپتال میں بھی مریضوں کا مکمل مفت علاج کیا جاتا ہے۔ اور غریب مریضوں کو باقاعدہ ادویات بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔