حکومت کے پاس معاشی بحران سے نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں،جاوید قصوری

حکومت کے پاس معاشی بحران سے نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں،جاوید قصوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ معاشی بحران سنگین ہوچکاہے۔ حکومت کے پاس معاشی بحران سے نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں۔ معیشت کے بہتری کے حوالے سے حکومتی وزراء کے بیانات محض طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں۔ عوامی مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ حکمرانوں کی غیر سنجیدگی عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ نااہلی اور نالائقی میں موجودہ حکومت سابقہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ہر طرف مایوسی کے بادل چھائے ہوئے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف بحرانوں کی زدمیں ہے۔موجودہ حکومت میں اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ ملک کودرست سمت پر لاسکے۔ایک طرف مہنگائی،بیروزگاری،غربت،لاقانونیت میں اضافہ ہورہاہے تو دوسری جانب احتساب کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہاہے۔

حکمرانوں نے احتساب کے سارے عمل کو داغ دار کردیا ہے۔احتساب کا عمل محض چند لوگوں کے گرد گھوم رہاہے۔انہوں نے کہاکہ نیب کی اب تک کی کارکردگی چند لوگوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں۔نیب کو اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی۔سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ ججز،بیوروکریٹس، جرنیلوں اور حکومتی صفوں میں موجود کرپٹ عناصر کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔جب تک سب کا بلاامتیاز احتساب نہیں ہوتا،احتساب کے پورے نظام پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی۔