پورا گلگت بلتستان زلزلے سے لرز اٹھا، شدت 5.3 ریکارڈ
گلگت (ڈیلی پاکستان آن لائن) پورے گلگت بلتستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے گلگت ، سکردو ، جگلوٹ اور استور میں محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیامر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ضلع غذر اور گردو نواح میں بھی زلزلے نے درو دیوار ہلادیے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز استور سے 26 کلومیٹر دو جنوب میں تھا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کی گہرائی 45 کلومیٹر زیر زمین تھی۔زلزلے کے جھٹکے نہ صرف گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں محسوس کیے گئے بلکہ آزاد کشمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں آٹھ مقام، وادی نیلم اور شادرا سمیت دیگر علاقوں میں زلزلہ آیا ہے۔ گلگت بلتستان میں پہلے زلزلے کے بعد اس کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں۔