بلاول بھٹو کی آمد،صحافیوں کے موبائل فون بھی سیکیورٹی اہلکاروں نے ضبط کر لئے
ٹنڈو محمد خان (یو این پی)ٹنڈو محمد خان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ،صحافیوں کو تین کلومیٹر دور ان کی گاڑیوں سے اتار کر شٹل کے ذریعے جلسہ گاہ کی طرف لے جایا گیا ،صحافیوں کے موبائل فون بھی سیکیورٹی اہلکاروں نے ضبط کر لئے جس کیخلاف صحافیوں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی ، اس موقع پر بغیر پاسز کے آنیوالے مقامی صحافیوں کو راستے سے ہی واپس کردیا گیا جبکہ پنڈال میں موجود ٹنڈو محمد خان کے صحافیوں کو سوالات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ۔یو ا ین پی کے مطابق دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بھی جلسے کے پاسز نہ ملنے کے خلاف ملاکاتیار جھرک پل کے روڈ پر احتجاجاً دھرنا دیا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ورکرز کو نظر انداز کر کے وڈیروں اور بیورو کریٹس کو پاسز دیئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی نے جلسے کو ہائی جیک کر لیا ہے۔