کشمیر سنٹر کے زیراہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ

کشمیر سنٹر کے زیراہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( پ ر) کشمیری دنیا بھر میں یوم سیاہ مناتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروارہے ہیں کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھے ہوئے ڈھونگ رچارہا ہے۔بھارت طاقت کا بھرپور استعمال کرتے اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تحریک آزاد�ئ کشمیر کو کچلنے کی کوشش کررہاہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ مناتے ہوئے پریس کلب کے باہرایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر لاہور ڈویژن کے صدر فاروق آزاد نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر جو مظالم ڈھا رہا ہے اس کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پچھلے سات ماہ کے دوران اس نے ہزاروں نہتے کشمیریوں کو زخمی اور گرفتار کیا ہے۔ مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بلال احمد بٹ نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیری یوم سیاہ مناتے ہوئے بھارت کے چہرے سے نقاب کشائی کررہے ہیں۔

اور عالمی برادری کو بھارت کا نہایت ہی خوفناک چہرہ دکھا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کا اصل چہرہ دیکھتے ہوئے اُسے مجبور کرے کہ وہ کشمیر میں سے اپنی فوجیں نکال کر کشمیریوں کو ان کا ازلی اور پیدائشی حق حق خودارادیت دے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ثاقب میرنے کہا کہ ایک جانب بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے لیکن دوسری جانب وہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کو ان کا حق دینے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی شمع روشن رکھی ہوئی ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت اس شمع کو نہیں بجھا سکتی۔ انچارج کشمیرسنٹر لاہور سردار عظیم سرور نے کہا کہ اگر بھارت نے جلد کشمیرپر اپنا غاصبانہ قبضہ نہ چھوڑا اور وہاں تعینات آٹھ لاکھ سے زائد فوج کو واپس نہ بلایا تو صرف کشمیر ہی اس سے آزاد نہیں ہوگا بلکہ خود بھارت ٹوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ کا ایندھن بننے سے بچائے۔