ہماری قسمت کے فیصلے ایسے مشیر کر رہے ہیں جو خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے: سراج الحق

        ہماری قسمت کے فیصلے ایسے مشیر کر رہے ہیں جو خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خصوصی رپورٹ) امیرجماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج ہماری قسمت کے فیصلے ایسے مشیر کررہے ہیں جو خود کو کسی کے سامنے جواب دہ نہیں سمجھتے۔ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے۔یہ لوگ پاکستان کی نظریاتی شناخت کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ملک پر کل بھی مافیاز کی حکومت تھی اور آج بھی اقتدار پر مافیاز کا قبضہ ہے۔عوام مافیاز کے چنگل سے آزادی چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کی دیانتدار اور خدمت کرنے والی قیادت کا انتخاب کریں۔جماعت اسلامی کے کارکنان اور رضا کاروں نے مصیبت کی ہر گھڑی میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے جس کا اعتراف قومی وبین الاقوامی ادارے اور میڈیا بھی کررہا ہے۔ مافیاز الیکشن میں گھوڑے خریدتے ہیں، پھر ان پر سوار ہوکر ملک و قوم کو لوٹتے ہیں۔ مافیازکی سپورٹ سے مسلط ہونے والی حکومت ان کے ہاتھوں یرغمال ہوکر عوام کا استحصال کرتی ہے۔مافیاز کے ہاتھوں کبھی چینی کبھی آتا اور کبھی پٹرول اور کبھی ادویات غائب ہوجاتی ہیں۔ حکومت نے احتساب کو مذاق بنا دیا ہے۔جن کا اپنا دامن صاف نہ ہو وہ کسی کا کیا احتساب کریں گے۔حقیقی احتساب صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔ہم پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں اور پھر دوسروں کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں۔جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو کسی چور اچکے اور لٹیرے کو قومی خزانے کی طر ف آنکھ اٹھاکر دیکھنے کی بھی جرا ت نہیں ہوگی۔ تبدیلی کے سارے نعرے پٹ گئے ہیں،عوام کے دکھوں کا مداوہ نہیں ہوسکا۔عوام کے دکھوں کا مداوہ اور تمام ملکی مسائل کا حل صرف نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے۔ جماعت اسلامی 4 اگست کو اسلام آباد میں قومی کشمیر کانفرنس کرے گی اور 5 اگست کو ملک بھر میں یوم سیاہ اور یوم احتجاج منائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر آباد میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری،مشتاق احمد بٹ اور چوہدری ناصر محمود کلیرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف،صوبائی جنرل سیکریٹری بلال قدرت بٹ،نصراللہ گورائیہ و دیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی نے چوہدری ناصر محمود کلیر کو پی پی 51کے ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کارکنان کے اجتماع میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معیشت ڈوب چکی ہے۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -