آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے نئی تجاویز دیدیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے بجلی ٹیرف میں کمی کے لئے حکومت کو نئی تجاویز دے دیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع وزارت خزانہ کے حوالے سے بتایا کہ آئی ایم ایف نے صنعتی ٹیرف میں کمی کےلئے کپیسٹی چارجزکم کرنے کا مشورہ دیا اور تجویز دی ہے کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پہلے نئے پاورپلانٹس کو چلایا جائے اور ان پلانٹس سے مکمل پیداواری صلاحیت حاصل کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق ایسا کرنے سے بجلی ٹیرف میں18 روپے کپیسٹی چارجز میں کمی آسکتی ہے جبکہ نئے پاورپلانٹس سے پوری بجلی نہ خریدنے پر صارفین پرسالانہ 2 ہزارارب روپے کا بوجھ آتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ مقامی گیس سے سرکاری شعبے کے 5 ہزار میگاواٹ والے گیس پاورپلانٹس کو چلایا جائے جس سے ایل این جی کے مقابلے میں10 سے14 روپے فی یونٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ تمام صنعتی زونزکو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بھی پاورڈویژن کو اضافی بجلی صنعتوں کو فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔