چاند کی رویت، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کردی

سورس: Wikimedia Commons
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے مملکت بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتہ کی شام عید الفطر کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔ یہ فیصلہ اس بات کی تصدیق میں مدد دے گا کہ آیا عید الفطر اتوار 30 مارچ 2025 کو ہوگی یا رمضان ایک دن اور جاری رہے گا۔
العربیہ کے مطابق سرکاری اعلان میں سپریم کورٹ نے ان تمام افراد سے، جو چاند دیکھنے میں کامیاب ہوں، خواہ وہ ننگی آنکھ سے ہو یا دوربین کے ذریعے، درخواست کی ہے کہ وہ قریبی عدالت کو اپنی شہادت درج کرائیں۔
عید الفطر اسلامی کیلنڈر کی سب سے اہم عیدوں میں سے ایک ہے۔ اسلامی مہینے عام طور پر 29 یا 30 دن کے ہوتے ہیں، اور چونکہ رمضان کا آغاز یکم مارچ کو ہوا تھا، اس لیے شوال کا مہینہ 30 یا 31 مارچ کو شروع ہونے کی توقع ہے۔