عمران خان نے آرمی چیف سے ملاقاتوں میں کیا مطالبہ کیا ، اسد عمر نے سب باتیں کھول دیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقاتوں میں ہونے والی باتوں سے قوم کو آگاہ کردیا۔
لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آج ایک اچھی خبر سامنے آئی کہ فوج نے فیصلہ کیا ہےکہ اپنے آئینی کردار کے اندر رہنا چاہتے ہیں ،عمران خان کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ خطے میں پاکستان کی جو صورتحال ہے جو جغرافیہ حیثیت ہے اس کیلئے پاکستان کو انتہائی مضبوط فوج کی ضرورت ہے ، عمران خان نے کبھی لندن اور واشنگٹن میں جا کر اپنی فوج کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کی ، عمران خان نے کبھی بھارت کے وزیر اعظم سے چھپ کر ملاقات میں فوج کے خلاف باتیں نہیں کیں ، کیا عمران خان فوج کے ہر فیصلے سے اتفاق کرتے ہیں یا ایسے فیصلے ہیں جن پر عمران خان تنقید کرتے ہیں تو ایسے فیصلے بالکل ہیں جن پر وہ تنقید کرتے ہیں ۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے وہی مطالبہ کیا جو وہ قوم کے سامنے کر چکے ہیں ، اس میں دو رائے نہیں کہ آپ سیاسی نظام پر بہت زیادہ اثر رکھتے ہیں، آپ سے یہ کہنا کہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ سیاسی بحران سے نکل سکیں یہ غیر آئینی تو نہیں ۔