بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے دہشتگرد کیمپوں سے متعلق الزام لگا رہا ہے: پاکستان 

    بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے دہشتگرد کیمپوں سے متعلق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،آئی این پی)  ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا  ہے کہ بھارت مانسہرہ، راولاکوٹ  اور مظفر آباد میں دہشتگرد کیمپوں سے متعلق الزام لگا رہا ہے، یہ سب بے بنیاد الزام عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لگارہا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو پاکستان مخالف بھارتی پراپیگنڈا سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کہ ایسے الزامات مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے لگائے جا رہے ہیں، پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سفراء کو ان علاقوں کا دورہ بھی کراسکتا ہے۔قائم مقام سیکرٹری خارجہ معظم احمد خان نے بھی P5ممالک کے سفارتکاروں کو پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈے پر بریفنگ، دی قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے سفارتکاروں کو آگاہ کیا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کا سلسلہ بڑھ گیا ہے،بھارتی فوج نے پاکستان پر دہشتگردوں کے کیمپس رکھنے کے جھوٹے الزامات لگائے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتا،تاہم کسی مس ایڈونچر اور فالس فلیگ سرگرمی کا بھرپور جواب دے گا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات سامنے آئے ہیں۔۔بھارتی میڈیا کی طرف سے بھی پاکستان کی خلاف زہر افشانی کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،بھارتی بیانات صورتحال کی سنگینی میں اضافہ کر رہے ہیں،یہ بیانات علاقائی امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔
ترجمان بریفنگ

مزید :

صفحہ اول -