بھارتی دریاؤں کا پاکستان بہہ جانے والا پانی روکیں گے : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

بھارتی دریاؤں کا پاکستان بہہ جانے والا پانی روکیں گے : بھارتی وزیراعظم ...
بھارتی دریاؤں کا پاکستان بہہ جانے والا پانی روکیں گے : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی/ جالندھر (اے این این)بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی دریاؤں کاپانی صرف بھارت کے کسان کوملے گا،پاکستان میں بہہ جانے والا پانی روکیں گے ، دہشت گردی کومزیدبرداشت نہیں کیاجائے گا،بدعنوانی کے خلاف لڑرہے ہیں ۔ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کر تے ہوئے ہوئے نریندرمودی نے کہاکہ بھارتی پنجاب کے کسان کوپانی کیلئے اب مزیدپریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہم نے دریاؤں کے پانی کارخ موڑنے کافیصلہ کیاہے جو اس وقت بہہ کرپاکستان کی طرف جارہاہے پنجاب کے کسان کاہی اس پانی پرسب سے زیادہ حق ہے بھارتی دریاؤں کاپانی بھارت کے کستان کوہی ملے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب بہادرلوگوں کی سرزمین ہے یہاں کے بہت سے لوگوں یاخاندانو ں نے مسلح افواج میں خدمات انجام دیں ہم صرف شہادتوں کی خبریں سنتے رہے ہیں آخرکب تک ہم دوسروں کوہمیں نقصان پہنچانے کاموقع دیتے رہیں گے کیا ہمیں بھرپورجواب نہیں دیناچاہیے؟ دہشت گردی کومزیدبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ وہ بدعنوانی کے خلاف لڑرہے ہیں اور بدعنوان عناصرکوپکڑنے اورسزاء دلوانے کیلئے سب کچھ کررہے ہیں لیکن حکومت تنہاء یہ سب کچھ نہیں کرسکتی اسے عوام کی حمایت درکارہے۔اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نے اپوزیشن شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جولوگ پنجاب کے نوجوانوں کو بدنام کررہے ہیں ، انہیں ایسی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کا کام نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پنجاب کی آن بان شان کو چوٹ پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔