مودی کا ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ، عالمی امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے عوامی فلاح، عالمی امن و سلامتی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے بات چیت ہوئی ہے، امریکا بھارت باہمی مفاد اور بھروسہ مند شراکت داری کے لیے پُرعزم ہیں۔
مودی نے کہا کہ امریکا بھارت مل کر عوامی فلاح، عالمی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
بھارتی وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو دوسری بار امریکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی بھارتی سفارت کار اگلے ماہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کرانے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت امریکا کا بڑا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔