ایک اور مسافر طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتیں
جوبا (ڈیلی پاکستان آن لائن) افریقی ملک جنوبی سوڈان کے شمالی علاقے میں ایک طیارہ حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طیارہ بدھ کے روز صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب ریاست یونٹی میں آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ دارالحکومت جوبا کے لیے روانہ ہوا تھا۔
وزیر اطلاعات گتوچ بیپال بوٹ نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ طیارہ ہوائی اڈے سے 500 میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا، طیارے پر 21 افراد سوار تھے، اور فی الحال صرف ایک زندہ بچا ہے۔ زندہ بچ جانے والا شخص جنوبی سوڈان کا انجینیئر ہے، جو آئل فیلڈ میں کام کر رہا تھا، اور اسے بینتیو ریاست کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیا ل رہے کہ سوڈان اور جنوبی سوڈان دو الگ الگ ملک ہیں۔ سوڈان مسلم اکثریتی ملک ہے جس کا دارالحکومت خرطوم ہے، جب کہ جنوبی سوڈان عیسائی اکثریتی ملک ہے۔ دونوں ملک پہلے ایک ہی تھے لیکن 2011 میں دونوں الگ ہوگئے تھے۔