ٹرمپ سے صدارتی معافی حاصل کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار کر قتل کردیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست انڈیانا کے ایک شہری کو ٹریفک سٹاپ کے دوران ایک ڈپٹی نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ اس کے صرف چند دن بعد پیش آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں 2021 کے یو ایس کیپیٹل حملے سے متعلق ایک معمولی جرم پر معافی دی تھی۔
سی این این نے خبر ایجنسی اے پی کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ 42 سالہ میٹیو ہیٹل کو جیسپر کاؤنٹی کے شیرف کے ڈپٹی نے گولی ماری۔ ریاستی پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈپٹی نے ہیٹل کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس دوران "ملزم اور افسر کے درمیان جھگڑا ہوا، جو افسر کی جانب سے فائرنگ اور ملزم کی ہلاکت پر منتج ہوا۔"
تحقیقات سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ٹریفک سٹاپ کے دوران ملزم کے پاس ایک ہتھیار موجود تھا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور حکام نے یہ بھی نہیں بتایا کہ ٹریفک روکنے کی وجہ کیا تھی۔
خیال رہے کہ ہیٹل اپنے چچا کے ساتھ 6 جنوری 2021 کے پروٹرمپ ریلی میں شرکت کے لیے واشنگٹن گئے تھے۔ ہیٹل 16 منٹ کے لیے کیپیٹل میں موجود رہے اور اس کا ویڈیو بھی ریکارڈ کیا۔ دفاع کے وکیل اینڈریو ہیممر نے ایک عدالتی درخواست میں کہا "وہ کسی بھی سیاسی مقصد کے سچے حامی نہیں ہیں۔ وہ اس ریلی میں صرف اس لیے گئے کیونکہ وہ اسے ایک تاریخی لمحہ سمجھتے تھے۔"