قومی اسمبلی:فنانس بل کی شق وار منظوری، پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی پر کمی کی ترمیم مسترد
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں فنانس بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔قومی اسمبلی میں بجٹ 25-2024 کی منظوری کا عمل کے دوران پیپلزپارٹی نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کی ترامیم واپس لے لیں جبکہ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شریک ہیں، اپوزیشن نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا تیار کردہ اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کیلئے پیپلزپارٹی نے ترامیم واپس لے لیں جبکہ اپوزیشن کی ترامیم ایوان نے مسترد کر دیں جس پر اپوزیشن نے رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔اس دوران 170 ارکان اسمبلی نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کے خلاف ووٹ دے دیا جبکہ 84 ارکان نے لیوی میں کمی کی حمایت کی، اس طرح پٹرولیم لیوی میں کمی کی اپوزیشن کی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئیں تاہم وزیر خزانہ نے خود ہی پٹرولیم لیوی میں کمی کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خیبر پختونخوا کو کم منصوبے دینے اور فنڈز روکنے کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیراعظم شہبازشریف نے خود وضاحت کر دی۔سنی اتحاد کونسل کے رکن جنید اکبر خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی طرح میں بھی جیل میں تھا، ہماری حکومت آئی تو آپ کو بتائیں گے جیل کیا ہوتی ہے، آپ نے جو ہماری خواتین کے ساتھ کیا سود سمیت واپس کریں گے۔