سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں،دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیارکرنا ہوگا: عطا تارڑ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں،دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیارکرنا ہوگا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر زوئی نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر اور پولیٹیکل قونصلر کے درمیان فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مس زوئی ویئر نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔اس دوران وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوزپوری دنیا کا مسئلہ ہے، ان تینوں چیزوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کوسوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہیے، سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیارکرنا ہوگا۔