28 مئی : امت مسلمہ کا مشترکہ یوم تکبیر

28 مئی : امت مسلمہ کا مشترکہ یوم تکبیر
28 مئی : امت مسلمہ کا مشترکہ یوم تکبیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ولولہ انگیز قیادت ، علامہ اقبال ؒ کے افکار اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی جانثاری ، ماؤں بہنوں ، بیٹوں ،بیٹیوں کی عزت ، غیرت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے نام پر قابض انگریز اور اس سے بھی شاطر ہندو بنیے سے 14 اگست 1947 ء ؍27 رمضان المبارک کو ایک آزاد ، خودمختار اسلامی ریاست نصیب ہوئی، جسے اسلامی جمہوریہ پاکستان کہتے ہیں۔ یہ دنیا بھر کے دیگر مسلمانوں کے لئے بھی بہت خوشی کا دن تھا کہ براعظم ایشیا میں اللہ تعالیٰ کا انعام پاکستان کرۂ ارض کے نقشے پر نمودار ہوا تھا اور اس کے بعد 28 مئی 1998 ء کا دن پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے باعث فخر دن تھاجب اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور امت مسلمہ کے ممالک کی پہلی ایٹمی قوت بنا۔ پاکستان سمیت ترکی ،سعود ی عرب ، مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک ، افریقی مسلم ممالک ، انڈونیشیا حتیٰ کہ سوویت یونین سے الگ ہو کر آزاد مسلم ریاستوں کے لوگ بڑی آن شان سے یہی کہتے تھے کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا ایسا ہی ہے جسے ہم خود ایٹمی قوت بن گئے ہیں، کیونکہ مسلمان عقیدے کے اعتبار سے ’’جسد واحد‘‘ ہیں۔

28مئی 1998 ء کو شام جب چاغی کے علاقے میں ایٹمی دھماکہ ہوا تو ملک کی فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ ادھر ملت اسلامیہ پاکستان کا ہر طبقہ سجدۂ شکر ، نوافل اور ملی جذبات کا اظہار کر رہاتھا تو مشرقی بارڈر پر بھارت اور بھارتی فوج کے اوسان خطا ہو گئے۔ امریکہ بھی پاکستان کے کامیاب ایٹمی دھماکوں کو برداشت نہ کر سکا اور فوراً ہی پاکستان پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی ، یورپی، بھارتی چینلوں نے پاکستان کے ایٹمی دھماکے کو اسلامی بم قرار دے دیا، حالانکہ پاکستان نے تو پہلے 6 ملکوں کے بعد ایٹمی دھماکے کئے ان چھ ممالک میں امریکہ ، برطانیہ ، فرانس نے جب ایٹمی دھماکے کئے تو کسی نے نہیں کہاکہ یہ عیسائی ایٹم بم ، روس کا کمیونزم بم ، اسرائیل کا یہودی بم ، بھارت کا ہندو بم ہیں، لیکن جب پاکستان نے اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور ُ پر امن مقاصد کے لئے ایٹمی دھماکہ کیا تو اس کے ایٹم بم کو اسلامی بم قرار دے کر تعصب کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ ہے عالمی شیطانی چوکور امریکہ بھارت اسرائیل اور یورپ کا گھناؤنا کردار۔

امریکہ نے جاپان میں ہیروشیما، ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں جاپانیوں کو لقمۂ اجل بنا دیا اور آج وہ انسانی حقوق کا چمپئن بناہواہے، حالانکہ حقیقت میں انسانیت کا قاتل اور شیطانی حقوق کا چمپئن ہے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں پر عرصۂ حیات تنگ کر رکھاہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے اور سیاچن پر بھی ناجائز تسلط جمائے ہوئے ہے۔ پوری دنیا میں امریکہ ، اسرائیل ، بھارت، روس اور یورپی ممالک نے مسلمانوں پر عرصۂ حیات تنگ کررکھاہے۔ مسلمان ممالک کی آزادی ، خود مختاری ، قومی سلامتی پر ہر طرح سے حملہ آور ہیں۔ افغانستان پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے غاصبانہ قبضہ کیا اور کہتے ہیں کہ ہم تو افغانستان میں امن و استحکام کے لئے آئے ہیں۔ اسے کہتے ہیں’’ نالے چور نالے چتر ‘‘۔ قیام پاکستان کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا گیا، آج لادین ، سیکولر لبرل بھارتی لابی اور بھارتی واہگہ بارڈر پر پاک بھارت سرحد کو خونی لکیر کہنے والے امن کی آشا کے نام پر گھناؤنے کھیل کھیلنے والے کہتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک کے امن اور پیار و محبت کے درمیان رکاوٹ ہے۔ ماضی کی تلخیاں بھلا کر ہمیں پھر سے ایک ہو جاناچاہیے، لیکن یہ سن لیں کہ ہم اس پاک سرزمین پر پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ پاکستان کی بری ، بحری ، فضائی افواج نے پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جانوں کے نذرانے اس لئے پیش نہیں کیے تھے کہ یہاں بھارت کی بالادستی کے قصیدے سنائے جائیں۔ اسے بڑا ملک قرار دے کر ہمارے اوپر رعب جمایا جائے۔


پاکستان کا ایٹمی پروگرام ُ پرامن ، پاکستان سمیت دنیا کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ امریکہ بھارت انسانیت کے قاتل ہیں۔ پوری قوم 28مئی کو یوم تکبیر پر مساجد میں خصوصی نوافل میں ملکی سلامتی کے لئے دعائیں اور اپنے عسکری اداروں سے والہانہ محبت ، شہدا کے مزاروں پر فاتحہ خوانی اور قومی پرچم سے لبریز ریلیوں کا انعقاد کریں۔ 28مئی کے حوالے سے یہ بھی تحریر کرنا چاہتاہوں کہ راقم پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنے کے حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم سے طلبہ کی تحریک میں ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے شریک رہا جس روز پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تو ہم پنجاب یونیورسٹی سے اسلامیہ کالج سول لائنز کے لئے نکلے اور جمعیت نے طے کیا کہ نماز مغرب کے بعد مال روڈ پر پاکستان کے ایٹمی دھماکے کی خوشی میںُ پرجوش ریلی نکالی جائے گی، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظورتھا، اسی دن ریلی سے قبل آتش بازی کا سامان پھٹنے سے راقم سمیت جمعیت کے درجنوں کارکنان شدیدزخمی ہوئے، اسی واقعہ میں میرا بایاں بازو بھی زہر پھیلنے کی وجہ سے کاٹ دیا گیا ، جس کا کبھی افسوس نہیں ہوا، کیونکہ پاکستان کی آزادی ، قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے جان بھی کام آ جائے تو یہ فخر کی بات ہے۔ پاکستان پائندہ باد ، افواج پاکستان اور اس کا ایٹمی پروگرام زندہ باد !!۔۔۔ قوم 28مئی کو یوم تکبیر کے طور پر منائے گی اورپاکستان کے دشمن یوم تکلیف کے طور پر کڑھتے رہیں گے۔ پاکستان کا دشمن ہی بے نام و نشان ہوگا۔

مزید :

کالم -