چہرے جلد اور حسن کی شادابی!

چہرے جلد اور حسن کی شادابی!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 خواتین اپنی صحت ، تندرستی ، خوبصورتی بالخصوص چہرے، ہاتھ اور جلد کی شادابی کی ہمیشہ ہی سے خواہشمند رہی ہیں۔اس کے لیے خواتین کو چاہئے کہ وہ موسمی پھل ہر صورت استعمال کیا کریں۔ پھل انہیں وہ تمام مطلوبہ توانائی فراہم کریں گے جس کی ان کے جسم کو ضرورت ہے۔ ان پھلوں میں کیلا جو ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے ، اس کا استعمال بہت ہی مفید ہے۔ آپ اگر بہت دبلی ہیں تو روزانہ دو کیلے کھا کر اپنے وزن میں منا سب اضافہ کر سکتی ہیں۔ اس کے برعکس آپ کا جسم فربہی مائل ہے اور آپ آج کل ڈائٹنگ کر رہی ہیں تو روزانہ ایک کیلے کا استعمال بطور غذا آپ کے جسم کو مطلوبہ غذائیت بہم پہنچائے گا۔یہ بات غلط ہے کہ جو خواتین ڈائٹنگ کر رہی ہوں وہ کیلا ، آم، انگور یا چیکو سے حتی الامکان پرہیز کریں۔ ہر پھل اپنے اندر بھرپور غذائیت رکھتا ہے۔لہٰذا ان سے کنارہ کشی اختیار کرنا کسی طور بھی درست نہیں ، البتہ اعتدال سے کھائیے ۔جن خواتین کو ذیابیطس کی شکایت ہو وہ میٹھے پھل معالج کے مشورے کے بغیر نہ کھائیں۔ کیلا خشک جلد کے لیے بے حد مفید ہے۔ آپ ایک کیلا اور ایک چھوٹا چمچ شہد اچھی طرح ملا کر چہرے پر لگائیں۔ بیس منٹ بعد چہرہ دھولیں۔ یہ ماسک آپ کے چہر ے سے سارا میل کچیل کھینچ لے گا اور آپ کی جلد دمک اٹھے گی۔ 
خربوزہ : خربوزے کا باقاعدہ استعمال چہرے سے داغ دھبوں کو دور کرتا ہے۔ رنگت صاف کرنے کے لیے خربوزے کے بیج ، سنگترے کے چھلکے ، سونف اور جو کا آٹا چاروں چیزیں ہم وزن لیکر باریک پیس لیں اور روزانہ چہرے پر ملیں۔ چہرے سے رواں بھی دور ہو گا اور جلد بھی صاف شفاف ہو جائے گی۔ سنگترہ خون صاف کرتا ہے۔ اس کے چھلکے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔ آپ اس کے چھلکوں کو اپنے ہاتھوں ، کہنیوں اور پیروں پر متواتر ملیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ سنگترے کے چھلکے ہاتھ پیروں کو نرم بنا دیں گے۔ 
لیموں : لیموں کا رس یا گودا اگر چہرے پر ملا جائے تو اس سے چہرے کی چھائیاں دور ہو جاتی ہیں۔ اگر دانتوں اور مسوڑھوں پر لیموں کا رس ملا جائے تو دانتوں پر جما ہوا سخت میل بھی اتر جاتا ہے ، اس سے پائیوریا ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اگر لیموں کے چھلکوں کو باریک پیس کر حسب ضرورت کسی بھی کریم میں ملا کر، آنکھوں کے گرد سیا ہ حلقوں پر لگائے جائیں تو آنکھوں کے گرد بنے یہ سیاہ حلقے دور ہو جاتے ہیں۔ 
چکو ترا : چکوترے کے چھلکوں میں تیل ہوتاہے ، لہٰذا انہیں نہ پھینکیں۔ ایک پیالے میں ابلا ہوا ٹھنڈا پانی لے کر اس میں چکوترے کے چھلکے چھوٹے چھوٹے کر کے ڈال کر رات بھر رکھ دیں۔ صبح ان چھلکوں کو نچوڑ کر پھینک دیں اور اس پانی سے منہ دھوئیں۔ میک اپ سے قبل منہ دھونے کے لیے بھی یہ پانی استعمال کریں ، آپ کا چہرہ چودھویں کے چاند کی طرح نکھر جائے گا۔
 آم : ایک پاﺅ آم کے رس میں کھا نے کے دو چمچے گائے کا دودھ ، دو کھا نے کے چمچ ادرک کا رس، ایک کھانے کا چمچہ شکر ملا کر روزانہ مسلسل دو ما ہ استعمال کریں۔ یہ مرکب افزائش خون کے لیے بےحد مفید ہے۔ اس کے استعمال سے چہرہ تروتازہ ہو جاتا ہے۔ یاد رکھیں کہ نہار منہ آم کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، لہٰذا احتیاط رکھیں۔ 
سیب: مثل مشہور ہے کہ روزانہ ایک سیب کا استعمال معالج سے دور رکھتا ہے۔ صبح ناشتے میں اس کا استعمال صحت کے لیے بےحد مفید ہے۔چکنی جلد کی حامل خواتین سیب کو کدو کش کر کے چہرے پر لگائیں۔ دس پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔ اس طر ح چہرے کی چکناہٹ کا ختم ہو جائے گی۔
چہرہ نکھاریں:
 چہرے کی خوبصورتی چار چاند لگانے اور نکھار کے لیے کچھ ایسے نسخے ہیں جو نسل در نسل استعمال ہو رہے ہیں۔ یہ بیوٹی ٹپس خواتین کی خوبصورتی بڑھانے اور جلد کے جملہ مسائل حل کرنے کے حوالے سے اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ 
ہلدی کا فیس ماسک : ہر گھر کے باورچی خانہ میں استعمال ہونے والی ہلدی کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔ یہ کھانے میں ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کے کام بھی آتی ہے۔ایک کھانے کا چمچ پسی ہوئی ہلدی لیں۔ اس میں دودھ کے ساتھ بیسن یا چکی کا آٹا شامل کریں ۔اس مرکب کو اپنے چہرے ، ہاتھ، پاﺅں ، گردن اور بازوﺅں پر لگائیں ۔10 سے 15 منٹ لگا رہنے دیں۔ سوکھنے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کرتے ہوئے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اس کے روزانہ استعمال سے جلد سورج کی شعاﺅں کے مضر اثرات محفوظ رہتی ہے۔ مردہ خلیے، داغ دھبے صاف ہونے کے ساتھ ساتھ رنگت بھی نکھرتی ہے۔
ملتانی مٹی کا فیس ماسک : صدیوں پرانا خوبصورتی کا ایک سستا ترین طریقہ جسے اکثر خواتین نظر انداز کر کے مہنگی کاسمیٹکس استعمال کر کے اپنی جلد خراب کر بیٹھتی ہیں ، ملتانی یا چکنی مٹی جلد کو جھریوں سے نجات دلانے اور سورج کی شعاﺅں سے جل جانے والی جلد کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ملتانی مٹی میں پانی یا دودھ ملا کر ماسک بنائیں۔اسے مزید فائدہ مند بنانے کے لیے اس پیسٹ میں شہد کے چند قطرے ، پسا ہوا پودینہ ، ایلوویرا جیل یا ہلدی بھی ملائی جا سکتی ہے۔ اس پیسٹ کو چہرے اور گردن پر 15 سے 20 منٹ تک لگائیں ۔سوکھنے پر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ یہ مرکب کیل ، مہاسوں اور اضافی چکنائی کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔
نمک یا چینی کا اسکرب:
کھانے کے دو اہم جزو نمک اور چینی جو کھانے کو نمکین یا میٹھا بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں انہیں چہرے کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔چینی میں گلوکوز اور نمک میں ایکسفولیٹنگ خصوصیات ہونے کے سبب جب ان دونوں کو ملا کر استعمال کیا جاتا ہے تو اس کے نتائج حیرت انگیز ہو جاتے ہیں۔اس ماسک کے لیے ایک کھانے کے چمچ چینی میں آدھا کھانے کا چمچ نمک اور آدھا کھانے کا چمچ شہد ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے 5 ، 7 منٹ مساج کریں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھو لیں، چہرہ خشک ہونے پر کوئی اچھی سی موسچرائزنگ کریم لگالیں، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں کم از کم 3 بار ضرور اس عمل کو دہرائیں۔
 خواتین کے لیے روزانہ پروٹین سے بھرپور غذا کھانا جسم کے لیے بہت ضروری ہے۔ پروٹین ہماری توانائی کو بڑھانے اور صحت مند جسم کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔یہ پٹھوں کی تعمیر میںمدد کرتا اور جسم سے اضافی چربی کو ختم کرتا ہے۔ تاہم، روزانہ پروٹین سے بھرپور غذائیں کھانا بورنگ بھی ہو سکتا ہے۔ پروٹین سے بھرپور غذائیں جیسے انڈے ، چکن وغیرہ ہر روز نہیں کھائے جا سکتے۔صحت مند غذا کھانے کا مطلب بورنگ کھانا نہیں ہے۔ آپ اپنے کھانے کے ذائقے اور غذائیت کی قدر کو بڑھانے کے لیے اس میں مختلف کھانے اور مصالحے شامل کر سکتے ہیں۔ نئے ذائقے کھانوں میں شامل کرنا صحت مند کھانے کو آسان اور پُرلطف بنا دیتا ہے۔ماہرین غذائیت پروٹین سے بھرپور غذاﺅں کو اپنی خوراک میں شامل کرنے کے لئے درج ذیل خوراک تجویز کرتے ہیں:
     (جاری ہے)

دہی:
دہی سبزی خوروں کے لیے پروٹین کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ اس میں پروٹین، وٹامنز، اینٹی آکسیڈنٹس اور پروبائیوٹکس زیادہ ہوتے ہیں۔ دہی انسانی جسم کو وہ تمام غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے جو اس کے لیے ضروری ہےں یہ آنتوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ آپ ایک کپ دہی لیں، اس میں کچھ پھلوں کے ساتھ شہد بھی شامل کریں اور ساتھ ہی کچھ میوے شامل کرکے اسے مزید صحت بخش بنا لیں۔