دوپہر کی نیند کا بہترین دورانیہ !
دوپہر کی نیند یا قیلولہ صحت کے لئے کس حد تک مفید ہے نیز یہ کہ دوپہر کو کچھ دیر کے لئے سونے سے رات کی نیند تو متاثر نہیں ہوتی؟ ان سوالات کے جوابات کچھ پیچیدہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق بیشتر افراد اوسطاً دوپہر میں ایک گھنٹہ سونے کے عادی ہوتے ہیں ، دوپہر کو سونے کا یہ دورانیہ بہت زیادہ ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے کے قیلولے کے بعد جاگنے پر لوگ خود کو زیادہ نڈھال محسوس کرتے ہیں، کیونکہ وہ اس وقت تک گہری نیند کے مرحلے میں داخل ہو جاتے ہیں، جس کے دوران جاگنے سے انہیں ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے تو سوال یہ ہے کہ پھر کتنی دیر کا قیلولہ کرنا بہتر ہوتا ہے؟ اس کا جواب بڑا سادہ سا ہے ، وہ یہ کہ اگر آپ دوپہر کی نیند کے بعد چاق و چوبند بیدار ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لئے دوپہر کی نیند کا دورانیہ بہت مختصر ہونا چاہئے۔
ماہرین کے مطابق 20 سے 30 منٹ کا قیلولہ بہترین ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ قیلولے کا وقت رات کی نیند کے حوالے سے بھی اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر آپ دوپہر کو کچھ دیر تک سونا چاہتے ہیں تو ایسا رات کی نیند کے وقت سے کم از کم 8سے 9 گھنٹے پہلے کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر افراد کے لئے دن میں دو بجے کا وقت کچھ دیر کی نیند کے لئے مناسب ہوتا ہے۔
قیلولہ کے فوائد : مختصر وقت کا قیلولہ صحت کے لئے بہت مفید ہے۔دوپہر کی مختصر نیند سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے، مزاج خوشگوار ہوتا ہے جبکہ اپنے کام پر توجہ مرکوز اور کام کرنے کی صلاحیت بہتر ہو جاتی ہے لیکن یہ خیال رہے کہ دوپہر کی نیند کو رات کی نیند کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ قیلولے سے رات کی اچھی نیند کے فوائد میں اضافہ ہوتا ہے، مگر دن میں گہری نیند سے صحت کو رات جیسا فائدہ نہیں ہوتا۔ماہرین کے مطابق اگر دوپہر کی نیند سے رات کے وقت نیند کا دورانیہ متاثر ہوتا ہے تو پھر قیلولے کو اپنے معمول سے نکالنے پر غور کرنا چاہئے۔