نا اہل شخص کا ریاست اور نظام کیخلاف اعلان جنگ بغاوت ہے،محمودالرشید

نا اہل شخص کا ریاست اور نظام کیخلاف اعلان جنگ بغاوت ہے،محمودالرشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف اور ڈار کی گیم ختم، جس ملک کا وزیراعظم اور وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں اسکی معیشت کیسے بہتر ہو سکتی ہے؟ نا اہل شخص کا ریاست اور نظام کیخلاف اعلان جنگ بغاوت ہے، فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شریف خاندان نے ملک پر سول آمریت نافذ کر رکھی ہے، حاقان عباسی خود کو وزیراعظم ہی تسلیم نہیں کرتے بلکہ ایک نا اہل شخص کو وزیراعظم قرار دیکر عدلیہ کی توہین کر رہے ہیں اوراداروں کیخلاف سازش میں حاقان عباسی نا اہل وزیراعظم کے سہولت کار بنے بیٹھے ہیں اسی لئے تحریک انصاف نے انہیں نیا مینڈیٹ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نواز شریف اور اسحاق ڈار کی پیشی سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف خاندان کی بدمعاشیاں ختم ہو گئیں اب نواز شریف کو سیاسی شہید ہونے اور جرائم پر کلین چٹ ملنے کا خواب بھی دل سے نکال دینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ این اے 120میں مسلم لیگ ن کو بظاہر جیت تو ہو گئی لیکن انکے ووٹ بینک میں پانامہ فیصلے کے بعد خاصی کمی جبکہ تحریک انصاف کا ووٹ2013ء کے انتخابات کی نسبت بڑھا ہے ، میاں محمودالرشید نے کارکنوں کے اغواء پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کارکنان کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر فوج کیخلاف ایک اور گھناؤنی ساز ش کر رہے ہیں جبکہ ایسے کوئی شواہد نہیں کہ لیگی کارکن کو حراست میں لیا ہو۔
محمودالرشید

مزید :

علاقائی -