تحریک انصاف آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، اعجازچودھر ی

تحریک انصاف آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، اعجازچودھر ی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھر ی نے کہا ہے تحریک انصاف کو چند دوستوں نے بنایا جو آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے‘ اس وقت ملک کے 97 فیصد لوگ زندگی سے بیزار ہیں ‘ پی ٹی آئی نے ان میں امید کی کرن پیدا کردی ہے تبدیلی کی خواہش رکھنے والے پاکستانیوں کےلئے یہ جماعت سرمایہ حیات اور آخرت کا توشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں پارٹی کے 18 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا اہتمام اٹلی سے آئے پی ٹی آئی کے کارکن محمد ندیم ایڈووکیٹ نے کیا تھا جبکہ اس موقع پر پارٹی کے عہدے داروں کے علاوہ کثیر تعداد میں کارکن بھی موجود تھے۔ مرکزی رہنما ایڈووکیٹ حامد خاں نے اپنے خطاب میں کہا 18برس قبل چند دوستوں نے پودا لگایا جو عمران خاں کی قیادت میں قد آور درخت بن گیا ہے دیگر جماعتیں اے این پی جس کا وجود سو برس سے ہے محض ایک صوبہ خیبرپختونخوا کی جانب ہے ایم کیو ایم بھی صرف دوشہروں کی جبکہ جماعت اسلامی بھی اتنی منزلیں عرصہ دراز سے قائم ہونے کے باوجود طے نہیں کرسکی جو پی ٹی آئی نے 18برسوں میں طے کی ہے جس کی بنیادی وجہ عمران خاں کی شخصیت کا کرشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت عام آدمی کے لئے ہے تاکہ اس کی زندگی آسان بنائی جائے۔ کے پی کے میں پی ٹی آئی نے انقلابی کام کیے ہیں وہاں اساتذہ اب غیر حاضر نہیں رہتے۔ پٹوار خانوں میں فرد کے حصول کے لیے رشوت طلب نہیں کی جاتی اور نہ ہی تھانے کا ایس ایچ او روپے طلب کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 11مئی کو احتجاجی تحریک میں بھرپور حصہ لیں بدقسمتی سے اس وقت جعلی ووٹوں والے حکمران بنے بیٹھے ہیں۔

مزید :

علاقائی -