اسلحے کے زور پر سیلاب متاثرین سے امدادی سامان لوٹ لیا گیا
کشمور(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں سیلاب متاثرین کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق سیلاب متاثرین کو لوٹنے کی المناک واردات سندھ کے ضلع کشمور کے علاقے ٹنگوانی میں ہوئی جہاں کچھ مسلح لوگ پہلے سے لٹے پٹے سیلاب متاثرین کے پاس گئے ان سے ریلیف میں ملنے والا سامان لوٹ لیا۔
ایس ایچ او کرم پور رفیق احمد سومرو اوران کی ٹیم معمول کے گشت پر تھے جب انہوں نے ان مسلح ڈاکوؤں کو دیکھا، جو سیلاب متاثرین سے ریلیف میں ملنے والی اشیاء لوٹ کر فرار ہو رہے تھے۔ پولیس نے جب انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی جس پر پولیس اہلکاروں کی طرف سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے اس تبادلے میں ڈاکوؤں کا ایک ساتھی عبدالحکیم ولد محمد یعقوب جعفری زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ باقی ملزمان موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایس ایس پی کشمور ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقد مہ درج کر لیا گیا ہے اور باقی ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔