175ممالک کے شہریوں کو ای ویزا کی فراہمی خوش آئند ہے ‘ خرم الیاس
لاہور ( نیوز رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے حکومت کی طرف سے 175ممالک کے شہریوں کو ای ویز اور 50کو ائیر پورٹ پر ویزا دینے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سیاحت کو فروغ کے ساتھ ساتھ ای ویز ا سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نئی معاشی اصلاحات کی پالیسیوں میں صنعتوں کا فروغ اور سیاحت کو فروغ دینا شامل ہے ۔ای ویز ا سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے جانے میں آسانیاں پیداہونگی او ر ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ۔میاں خرم الیاس نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات جنت نظیر ہیں غیر ملکیوں کے لیے پاکستان کی سیاحت کو فروغ دے کر ملک صنعتی شعبہ کو ترقی دی جاسکتی ہے۔سی پیک ،گوادر بندرگاہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اچھے مواقع فراہم کرتی ہے سی پیک روٹس پر انڈسٹریل زونز اور ان میں نئی صنعتوں کے قیام پر 5سال تک ٹیکسوں میں چھوٹ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں اب انہیں ای ویزا کی فراہمی سے پاکستان بھر میں آمدورفت کی اجازت ہوگی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں تک رسائی حاصل ہوگی اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور سیاحت میں اضافہ ہوگا۔جس سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔