سورج کی سطح پر 2 بڑے سوراخ ہوگئے، فروری کے آغاز میں شمسی طوفان کا امکان
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سورج کی سطح پر دو بڑے سوراخ (کرونل ہولز) دریافت کیے گئے ہیں۔ یہ فروری کے آغاز میں خلائی موسم پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کے سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق سورج کے شمالی نصف کرے میں ایک بڑا اور جنوبی نصف کرے میں ایک چھوٹا لیکن لمبوترا سوراخ موجود ہے۔ یہ سوراخ کرونل ہول ہائی سپیڈ سٹریمز (CH HSS) پیدا کر سکتے ہیں، جو زمین پر ناردرن لائٹس (Aurora Borealis) کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فوکس نیوز کے مطابق ایس ڈبلیو پی سی شمسی طوفانوں کی پانچ سطحوں پر درجہ بندی کرتا ہے، جس میں سطح پانچ سب سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ موجودہ تجزیے کے مطابق، 1 سے 3 فروری کے دوران شمسی موسم فعال رہے گا اور جی ون (معمولی) جیو میگنیٹک طوفان کا امکان موجود ہے۔ اگر جی ون سطح کا شمسی طوفان پیدا ہوا تو شمالی امریکہ کے بالائی علاقوں اور مڈویسٹ میں ناردرن لائٹس نظر آ سکتی ہیں۔
کرونل ہولز سورج کی سطح پر وہ علاقے ہوتے ہیں جہاں پلازما نہیں پایا جاتا جس کی وجہ سے یہ سیٹلائٹ تصاویر میں سیاہ دکھائی دیتے ہیں۔ ان سوراخوں سے شمسی ہوائیں سورج کے مقناطیسی میدان کے ساتھ خلا میں نکل جاتی ہیں اور جب زمین کی سمت آتی ہیں تو جیو میگنیٹک طوفان اور دیگر خلائی موسم کے اثرات پیدا کر سکتی ہیں۔