11ارکان کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج

11ارکان کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج
11ارکان کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج
کیپشن: فائل فوٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب اسمبلی میں 11 ارکان کی معطلی پر اپوزیشن نے اسمبلی گیٹ پر دھرنا دیتے ہوئے اپنی اسمبلی لگالی۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی نے اپوزیشن کے معطل ارکان کو اسمبلی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔

اپوزیشن ارکان نے اسمبلی گیٹ بجانا شروع کردیئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 11 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جو غیر آئینی ہے، سپیکر ملک محمد احمد خان اس وقت پارٹی بن گئے ہیں، آپ 11نہیں بلکہ 107 ممبرز کو ہی معطل کردیں۔

سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی نے اپنا اجلاس پنجاب اسمبلی کے مرکزی گیٹ پر منعقد کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد اپوزیشن اراکین کا اپنا الگ اجلاس شروع ہوگیا جس میں اپوزیشن کے 108 ارکان شریک ہوئے اور وقاص مان نے سپیکر کے فرائض سرانجام دیئے۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کےلیے قراداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ملک کی تاریخ کا متنازع ترین واقعہ ہے، اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ سپیکر نے قرارداد پر ووٹنگ کے بعد اس کی منظوری کا اعلان کر دیا۔

اجلاس میں سپیکر ملک احمد خان کے 11 اراکین کو معطل کرنے کے حکم کیخلاف بھی تحریک بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی اور اپوزیشن رکن محمد نعیم نے سپیکر کے خلاف تحریک استحقاق بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بجٹ اجلاس کے موقع پر تقریر کے دوران ہلڑ بازی، ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ اور ایوان کا تقدس پامال کرنے پر سنی اتحاد کونسل کے 11 اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی۔