تاجر و صنعتکار برادری کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک پر افسوس اور دکھ کا اظہار

تاجر و صنعتکار برادری کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک پر افسوس اور دکھ کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور‘کراچی(آن لائن‘اے پی پی‘ این این آئی) ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم ‘کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، کاٹی کے صدر زاہد سعید، سینئر نائب صدر سلیم الزمان اور نائب صدر سید واجد حسین ‘پیاف کے چئیرمین عرفان اقبال شیخ‘ خواجہ شاہ زیب اکرم وائس چیئرمین پیاف و چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن ‘ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید ‘متحدہ عرب امارات کے تجارتی گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سہیل محمد الزرعونی ‘ فیصل آباد چیمبر ‘ راولپنڈی چیمبر‘ خیبر پی کے چیمبر اور ملک کے دیگر چیمبرز ‘ تاجر و صنعتکار تنظیموں نے لاہور میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں کی جان لینے والے انسان کہلانے یا کسی رعایت کے مستحق نہیں، بچوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے اپنی حقیقت سب کے سامنے عیاں کر دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام بزنس کمیونٹی مصیبت کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور د ہشت گردی کی جنگ کے خلاف ہم سب پاک فوج کے اور حکومت کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے جبکہ متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ ادا کیا جائے، بچوں سمیت درجنوں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے قاتل ہیں جو دہشت گردی کے خلاف قوم کی عزم کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں، ان سے کسی قسم کی توقع کرنے والے اپنے آپ کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے میں متفق اور اس سلسلہ میں حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا کر رہا ہے اور ایسے نازک موڑ پر قوم کو یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کرنا چائیے کیونکہ انسانیت کے دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر اور اسلام آباد میں سیکورٹی کے انتظامات بہتر بنانے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے لہذا ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ آگے بڑھے اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی کوششوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے کیونکہ اس طرح کے واقعات سے حکومت کی طرفسے پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو ترغیب دینے کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پورے ملک کی تاجر برادری پاک فوج اور حکومت کے ساتھ ملک کو دہشت گردی و انتہا پسندی سے نجات دلانے اور امن وامان کی صورتحات کو بہتر کرنے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گی تا کہ پرامن ماحول قائم ہونے سے شہریوں کی زندگی محفوظ ہو اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکے ۔

مزید :

کامرس -