سوئی گیس انتظامیہ بغیر اطلاع کے میٹر اتارنے لگی

سوئی گیس انتظامیہ بغیر اطلاع کے میٹر اتارنے لگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(خبرنگار خصوصی)سوئی گیس انتظامیہ کی غفلت کے باعث ملتان ریجن کے سینکڑوں صارفین تمام مراحل مکمل کرنے کےباوجودمیٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے سوئی گیس سے محروم ہیں سوئی گیس دفاتر کے بار بار چکر لگانے کے باوجود صارفین کو اگلے روز پرٹرخا دیا جاتا ہے۔متاثرہ صارفین نے نیو کنکشن،ارجنٹ کنکشن کے علاوہ ایسے صارفین بھی موجود ہیں جن کے میٹرخرا بی کے نام پر اتارے گئے ہیں ایسے صارفین ہزاروں روپے جرمانے سٹاف کے نامناسب رویے اور’’نذرانے‘‘کی ادائیگی کے باوجود میٹر کے حصول میں ناکام ہیں۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے سٹکس میٹر کے نام پر صارفین کو سوئی گیس سے محروم کردیا جاتا ہے اور میٹر اتارتے وقت صارف کو اس کی اطلاع بھی نہیں دی جاتی صارف جب اس کی شکایت لے کر سوئی گیس دفاتر جاتا ہے تو اسے بتایا جاتا ہے کہ میٹر خرابی کے باعث اتارا گیا ہے۔صارف جو ماہانہ گیس بل200سے300تک ادا کررہا ہوتا ہے اسے میٹر خرابی کا بتا کر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کردیا جاتا ہے جسے وہ کسی بھی فورم پر چیلنج نہیں کرسکتا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹر اترنے کے بعد صارف کا اذیت بھرا نہ ختم ہونے والا سفر شروع ہوتا ہے سفارش،بھاری جرمانے اور نذرانے کی ادائیگی کے بعد میٹر کی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔درجنوں شہری ارجنٹ فیس25ہزار کی ادائیگی کے باوجود سوئی گیس سے محروم ہیں جبکہ متعدد صارفین تین سال کے طویل انتظار کے بعد بھی میٹر دستیاب نہ ہونے کے باعث گیس کی فراہمی کیلئے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔