پاکستانی ہاکی ٹیم کی میگاایونٹ کیلئے ایشین گیمز کی حکام کو انٹری بھجوادی گئی

پاکستانی ہاکی ٹیم کی میگاایونٹ کیلئے ایشین گیمز کی حکام کو انٹری بھجوادی گئی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

               لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے مشاورت کے بعد قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن( عارف حسن گروپ)کی وساطت سے میگا ایونٹ کے لئے ایشین گیمز کے حکام کو انٹری بھجوادی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی اولیمپئن نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھا تھا کہ رواں برس کوریا میں شیڈول ایشیئن گیمز میں گرین شرٹس کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ہماری مدد کی جائے، پی ایس بی کی جانب سے ہمیں لیٹر موصول ہوا جہاں سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں صدر پی ایچ ایف اور مشاورتی بورڈ کی مشاورت کے بعد ہم نے لیفٹنٹ جنرل (ر) عارف حسن کی سربراہی میں کام کرنے والی پی او اے کی وساطت سے ڈیڈ لائن ختم ہونے سے ایک روز قبل انٹری بجھوا دی ہے جس کے بعد میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ قومی ٹیم ایشیئن گیمز میں اپنے ٹائٹل کا بھر پور دفاع کرنے کے لئے کوریا جائے گی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ انٹری کے ساتھ ابتدائی طور پر 25کھلاڑیوں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی چار مئی کو اسلام آباد میں لگنے والے کیمپ میں رپورٹ کریں گے جبکہ اگلے روز کیمپ میں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عارف حسن کی پی او اے میں شرکت کرنے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، حکومت کی طرف سے گائیڈ لائن کی روشنی میں اس کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ رانا مجاہد علی نے کہا کہ ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کے لئے حکومت کو فنڈز کے حصول کے لئے درخواست دی ہوئی ہے،اورصدر پی ایچ ایف اختر رسول سمیت دوسرے حکام پر امید ہیں کہ قومی کھیل کی بہتری کے لئے حکومت کی جانب سے جلد گرانٹ جاری ہو جائے گی۔ ایک سوال پر سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے کہا کہ سابق سیکرٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے جن سابق اولیمپئنز پر الزامات عائد کئے ہیں وہی ان کا جواب بھی دینے کے مجاز ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میںبتایا کہ پاکستان نے یوتھ اولمپکس کے لئے بھی کوالیفائی کیا ہے سپورٹس بورڈ کی ہدایت ہے کہ پاکستان کو ایشین گیمز میں شرکت کے علاوہ یوتھ اولمپکس میں بھی شرکت کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ایشین گیمز میں کامیابی کے لئے حوالے سے ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی ہی بتاسکتی ہے کیونکہ ٹارگٹ سیٹ کرنے کا کردار ان کا ہے ۔پی ایچ ایف صرف مانیٹرنگ کے فرائض سر انجام دے گی ۔لیکن دیگر پاکستانیوں کی طرح ہماری بھی خواہش ہے کہ قومی ہاکی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے ۔رانا مجاہد نے کہاکہ ایشین گیمز میں بھجوائے جانے والے 25کھلاڑیوں کے ناموں کو ٹریننگ کیمپ میں پرفارمنس کی بناءپر شارٹ لسٹ کے بعد 16کردیا جائے گا۔ م ش