شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے ملاوٹ برداشت نہیں کرینگے ، حمزہ شہباز

شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے ملاوٹ برداشت نہیں کرینگے ، حمزہ شہباز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ناقابل برداشت ہے۔ پنجاب حکومت اس سلسلے میں جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کی صحت کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ البتہ سرکاری اداروں کی طرف سے مروجہ قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی تیاری کے ماخذ پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔ حمزہ شہباز یہاں گوالا ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ،وزیرخوراک بلال یٰسین، چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات کے مطابق حکومتی مشینری ہر جگہ چوکس ہے اور شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء میں پائی جانے والی خرابیوں پر گہری نگاہ ر کھنے کے علاوہ ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں تجویز ہو رہی ہیں جس پر عام آدمی سکھ کا سانس لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں سے متعلق گوالا ایسوسی ایشن کے تحفظات کی چھان بین کی جائے گی اور ملاوٹ شدہ اور غیرمعیاری دودھ تیار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اپنی گفتگو میں گوالا ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے حکومت کو جاری مہم میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پرچون فروشوں کو پکڑنے کی بجائے غیرمعیاری دودھ تیار کرنے والے بڑے مگرمچھوں کو پکڑنے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں اپنی ہرممکن مدد کی پیش کش کی۔
حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ آخر -