مفتی جعفر حسین نے عوام کے حقوق کیلئے مثالی جدوجہد کی،ساجد نقوی

مفتی جعفر حسین نے عوام کے حقوق کیلئے مثالی جدوجہد کی،ساجد نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان( جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ قائد مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین ؒ نے عوام کے حقوق کے لئے جو جدوجہد کی (بقیہ نمبر26صفحہ12پر )
وہ اپنی مثال آپ تھی جس میں پاکستانیت کا عنصر غالب رہا ۔انہوں نے شدت پسندی اور شرپسندی کی نفی کرتے ہوئے اعتدال اور اتحاد کو مدنظر رکھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کربلا گامے شاہ میں تنظیم شیعہ شہریان کے زیر اہتمام بانی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین ؒ کی34 ویں برسی پر اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔ اس موقع پر مولانا وقار الحسنین نقوی اور دیگر رہنماوں نے بھی مرحوم کی دینی ،علمی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مفتی جعفر حسین ایک حقیقت پسند رہنما تھے ،جنہوں نے اعتدال پسندی‘ اتحاد و یکجہتی اور صاف ستھری سیاست کے گہرے نقوش چھوڑے جو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دور آمریت میں پیرانہ سالی کے باوجود اپنے جائز اور دستوری حقوق کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا علامہ مفتی جعفر حسین کا خاصا تھا جنہوں نے نہ صرف شیعہ عوام کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ کیا بلکہ ملک میں بسنے والے دیگر عوام کے حقوق کی بھی حفاظت کی۔مفتی جعفر حسین 1914 ء میں گوجرانوالا میں پید اہوئے۔ لکھنو اور حوزہ علمیہ نجف اشرف عراق سے فارغ التحصیل مفتی جعفرحسین مرحوم جامعہ جعفریہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کے بانی اور تحریک ختم نبوت کے نمایاں قائدین میں سے تھے ۔وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن رہے ۔ اپریل 1979ء کے بھکر کے آل پاکستان شیعہ کنونشن میں انہیں قائد ملت جعفریہ منتخب کیا گیا ۔ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے خطبات، خطوط اور اقوال پر مشتمل کتاب نہج البلاغہ اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی دعاوں کے مجموعہ صحیفہ کاملہ کا اردو ترجمہ، اور سیرت امیر المومنین ؑ کی تالیف ان کی بہترین مذہبی اور ادبی خدمات ہیں۔وہ29۔اگست 1983 ء کو انتقال کرگئے اوران کا مزار اقدس کربلا گامے شاہ لاہور میں ہے۔