عمر ایوب کی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو
ہری پور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے امریکہ کی جانب سے تعینات الٹرنیٹو ایگزیکٹو ڈائریکٹر جان ہرلی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی شہرکاری اور آبادی میں اضافے کے پیش نظر، شہری انفراسٹرکچر میں بہتری لانا ایک ترجیحی ضرورت ہے،بہتر سڑکیں اور موثر ڈیجیٹل نیٹ ورک عمدہ روزگار اور ترقی کے لیے بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ جان ہرلی نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اصلاحاتی ایجنڈے خاص طور پر توانائی اور مالیاتی منڈیوں کے شعبوں میں، حکومتِ پاکستان کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وزارتِ اقتصادی امور کے سیکرٹری میاں اسد حیاءالدین، ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے ایشین ڈویلپمنٹ بینک نور احمد بھی موجود تھے۔