حنا پرویز بٹ گوجرانوالہ سی پی او آفس پہنچ گئیں ، جنسی ہراسگی کے متاثرین سے ملاقات
گوجرانوالہ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چئیرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے گوجرانوالہ سی پی او آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنسی ہراسگی کے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپراء نے خواتین سے متعلق زیرِ التواء مقدمات کی تحقیقات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چئیرپرسن نے خواتین کے مقدمات کی تیز رفتار اور شفاف تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو خواتین کے تحفظ کے لیے موجودہ اقدامات کو مزید مؤثر اور سخت بنانے کی ہدایات دیں۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کے خلاف جرائم کے معاملے پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کر رہی ہے۔محفوظ خواتین ہی مضبوط پنجاب کی ضمانت ہیں۔ اس لیے خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چئیرپرسن نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ صرف باہمی تعاون کے ذریعے ہی خواتین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے فوری رسپانس سسٹم کو بہتر بنانا انتہائی اہم ہے۔