اقتصادی راہ داری خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے: صادق سنجرانی

اقتصادی راہ داری خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے: صادق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور گوادر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات سے صوبہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ترقیاتی عمل کی بدولت صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے اور اس عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور چین کے سرمایہ کار کثیر جہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جس کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔دونوں ممالک کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیاء کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کرے گی۔ سی پیک خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے اور حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں نہ صرف تیزی لائی جائے گی بلکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد استفادہ بھی حاصل کیا جائے گا۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دیرینہ اور بے مثال دوست ہے اور سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ گوادر پورٹ اور ضلع گوادر کے ترقیاتی عمل پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے۔
صادق سنجرانی