کوہ سلیمان رینج میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ، کئی گاڑیاں پھنس گئیں، ہلاکتیں
ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک) مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی۔
مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن پر کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دانہ سر کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے، بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔
پی ڈی ایم اے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور پنڈی سے آنے والی ٹرانسپورٹ ڈی آئی خان پر روکنے کی ہدایات کی ہے، ژوب اور قلعہ سیف اللّٰہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو و ریلیف کے لیے ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔