امام کعبہ کی جامعہ اشرفیہ لاہور میں آمد

امام کعبہ کی جامعہ اشرفیہ لاہور میں آمد
امام کعبہ کی جامعہ اشرفیہ لاہور میں آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جامعہ اشرفیہ لاہور کو ایک مرتبہ پھر یہ اعزاز حاصل ہوا کہ امام کعبہ فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد آل طالب حفظہٗ اللہ، گذشتہ دنوں اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جامعہ اشرفیہ لاہور میں بھی تشریف لائے اور نماز مغرب کی امامت فرماتے ہوئے اُمت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کی ترقی واستحکام اور امن سلامتی کے لیے خصوصی دعاء کروائی امام کعبہ کی آمد کے موقعہ پر مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی مدظلہٗ، نائب مہتمم مولانا قاری ارشد عبید مدظلہٗ، ناظم حافظ اسعد عبید ، حافظ اجود عبید ،حافظ خالد حسن ، مولانا زبیر حسن ، خواجہ اعجاز احمد سکا ،مدرسہ صولتیہ مکہ مکرمہ کے شیخ الحدیث فضیلۃ الشیخ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ حفظہ اللہ اور مولانا قاری محمد طیب قاسمی ہانگ کانگ سمیت دیگر اساتذہ و علماء و طلباء نے فقید المثال استقبال کیا اور امام کعبہ اور ان کے وفد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اس موقعہ پر علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی ، صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی اور دیگر علماء بھی موجود تھے امام کعبہ کے ہمراہ سعودی عرب کے سفیر سعید المالکی حفظہ اللہ ،سابق مدیر مکتب الدعوۃ شیخ محمد بن سعد الدوسری حفظہ اللہ، شیخ متعب الجدیعی حفظہ اللہ اور وزارت مذہبی امور سعودی عرب کے دیگر افراد بھی ہمراہ تھے امام کعبہ کی امامت میں نماز مغرب کی ادائیگی کے لئے تمام مکاتب فکر اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہزاروں افراد جامعہ اشرفیہ اور اس کے مضافات میں موجود تھے امام کعبہ فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد آل طالب حفظ اللہ نے نماز میں تلاوت شروع کی تو لوگوں پر رقت طاری ہو گئی ۔۔۔ نماز مغرب کے بعد مسجد میں ہی امام کعبہ نے دعاء سے قبل طلباء اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور دنیا کا ایک عظیم اور بہترین دینی ادارہ ہے جس کی اسلام اور دینی تعلیم کے لئے روشن خدمات کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ دیکھا جاتا ہے اس جامعہ اشرفیہ میں دینی تعلیم حاصل کرنا بہت بڑی سعادت کی بات ہے اور ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلامی شریعت اور سنت کی اتباع کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں انہوں نے کہا کہ ہمارے سلف صالحین ، صحابہ کرامؓ، تابعین ؒ و تبع تابعینؒ فقہاء و محدثین ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں اسی قرآن و سنت کے علوم کی خدمت میں گزار دیں اور اب یہ علمی امانت آئندہ نسلوں کو منتقل کرنا ان دینی مدارس کے طلبہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے ان کے متحد نہ ہونے کی وجہ سے آج مسلمان پوری دنیا میں ظلم اور مصائب و مشکلات کا شکار ہیں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی صاحب مدظلہٗ نے اپنے خطاب میں امام کعبہ فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد آل طالب حفظہٗ اللہ اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ اور پاکستان کے دیگر ہزاروں مدارس دینی تعلیم کے میدان میں بہترین خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے دینی مدارس اور سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں باہمی تعلقات اور تعلیم کے شعبہ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانا ہو گاآپ کی آمد سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید بہترہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے پاکستان کے علماء اور پوری قوم سعودی عرب کے ساتھ ہیں تقریب میں مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے امام کعبہ اور دیگر معزز مہمانوں کو جامعہ اشرفیہ لاہور کی طرف سے شیلڈ پیش کیں، بعد میں امام کعبہ فضیلۃ الشیخ صالح بن محمد آل طالب حفظ اللہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس سے قبل بھی جامعہ اشرفیہ لاہور کوعالم اسلام کی سرکردہ اور ممتاز شخصیات کی میزبانی کا شرف حاصل رہا، شیخ الازہر ، مفتی اعظم فلسطین، مسجد اقصیٰ کے سابق امام کے ساتھ ساتھ آپؒ کی خصوصی دعوت پر ہردلعزیز امامِ کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد ا لرحمن السدیس حفظہ اللہ 2007ء میں پاکستا ن تشریف لائے اور جامعہ اشرفیہ لاہور میں نماز فجر کی امامت فرمائی جسے پوری دنیا میں میڈیا کے ذریعہ برا ہ راست دیکھا اور سنا گیا۔اسی طرح امام کعبہ فضیلۃالشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی حفظہ اللہ نے بھی دورۂ پاکستان کے دوران 25 اپریل 2015ء بروز ہفتہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں اس وقت کے مہتمم حضرت مولانا محمد عبیداللہ المفتیؒ کی زیر سرپرستی تاریخ ساز تحفظ حرمین شریفین کانفرس میں بھی شرکت کرتے ہوئے جامعہ اشرفیہ لاہور میں نماز ظہر کی امامت فرمائی تھی۔


بانی جامعہ اشرفیہ لاہور حضرت مولانا مفتی محمد حسن ؒ اور ان کی اولاد صالحہ سابق مہتمم حضرت مولانا محمد عبیداللہ ؒ ، شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالرحمن اشرفیؒ ، مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی مدظلہٗ اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے دیگر نامور اساتذہ کرام کے اخلاص و للہیت کی بدولت جامعہ اشرفیہ لاہور بڑی تیزی کے ساتھ ترقی اوراپنی علمی و دینی منازل طے کرتے ہوئے آج پوری دنیا میں ثانی دارالعلوم دیوبند کی حیثیت سے مشہور و معروف ہے اس وقت پوری دنیا میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے فیض یافتہ دین حنیف کی خدمت میں مصروف ہیں اور حرمین شریفین میں بھی جامعہ کے فضلاء درس و تدریس کے فرائض سرانجام دینے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ جامعہ اشرفیہ سے تعلیمی فراغت پانے کے بعد سینکڑوں طلبہ نے ایم فل ،پی ایچ ڈی ،ایم بی بی ایس، انجینئرنگ اور قانون کی ڈگریا ں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیق و تصنیف ،صحافت و خطابت اور دعوت و ارشاد کے میدانوں میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

مزید :

رائے -کالم -