فوڈ اتھارٹی ٹیموں کا جنوبی پنجاب میں کریک ڈاؤن 10پوائنٹس سیل
ملتان( سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ مرغیو ں کے گوشت اور جعلی منرل واٹر کی فروخت کیخلاف ایکشن لے لیا۔ (بقیہ نمبر53صفحہ12پر )
مضر صحت اشیا کی فروخت پر متعدد فوڈ پوائنٹس سیل کر دئیے گئے ہیں ۔تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں صحت دشمن عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے10فوڈ پوائنٹس کوغیر معیاری اشیاء کی فروخت اورصفائی کے ناقص انتظامات پر سر بمہر کر دیا۔متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر176,500کے جرمانے عائدکیے ۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت غذا تلف کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ ملتان کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران لاغر،مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت،کون سسٹم کے عدم استعمال اور ملازمین کے میڈیکلز نہ ہونے کی بناء پرپاکیزہ پولٹری شاپ اور عوامی پولٹری شاپ کو سیل کر دیا۔مظفر گڑھ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مٹھائی کی تیاری میں کیمیکلز،مضر صحت رنگوں کے استعمال،زائدالمعیاد اشیاء کی مو جودگی،گندے،بد بودار ماحول کی بناء پرنیو مرحبہ سویٹس جبکہ بہاولنگر میں رانا سویٹس اور وہاڑی میں سردار سویٹس کو سر بمہر کر دیا۔ڈیرہ غازی خان کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران ممنوعہ گٹکا اورزائدالمعیاد اشیاء کی فروخت پرزیڈ ٹک شاپ جبکہ مظفر گڑھ میں حق نواز ڈرنک کارنر کو سیل کر دیا۔مزید برآں راجن پور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران پی ایف اے کا غیر قانونی لوگو استعمال کر نے پر لائف پیور ڈرنکنگ واٹر کو سیل کیاگیا۔ملتان کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران ناقص سٹوریج،سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی،گندے ،بد بودار ماحول کی بناء پر گیلانی ریسٹورنٹ اور حاجی حمید ٹی سٹال کو سر بمہر کر دیا۔علاوہ ازیں رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو مضر صحت اجزاء،کیمیکل ڈرمز کے استعمال،پروڈکشن ایریا میں حشرات کی موجودگی، ملازمین کے میڈیکلز کی عد م دستیابی اورصفائی کے ناقص انتظامات پر 40,000کے جرمانے عائد کیے ۔ملتان،بہاولپور اور گردونواح میں کارروائیوں کے دوران متعد فوڈ پوائنٹس کوحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 59,500کے جرمانے عائد کیے۔ مظفر گڑھ، لیہ اور راجن پورکے علاقوں میں چیکنگ کر تے ہو ئے پروڈکشن ایریا میں حشرات کی موجودگی، زائدالمعیاد اشیاء کی فروخت ،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی اورصفائی کے ناقص انتظامات پرمتعدد فوڈپوائنٹس کو 77,000کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید برآں ڈویژن بھرمیں کارروائیوں کے دوران1216ساشے ممنوعہ گٹکا،140کلو مضر صحت گوشت،500کلومضر صحت خوراک اور دیگر اشیاء تلف کر دی گئیں۔ متعددفوڈ پوائنٹس ،بیکرز ، ہوٹلز، پروڈکشن یو نٹس ، ریسٹورنٹس اورکر یانہ سٹورز کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگ نو ٹسز جاری کیے گئے۔
کریک ڈاؤن