پاکستان کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے اور کشمیرہائی وے کا نام سری نگرہائی وے رکھنے کاعلان

پاکستان کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے اور ...
پاکستان کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے اور کشمیرہائی وے کا نام سری نگرہائی وے رکھنے کاعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال اور کشمیرہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھنے کااعلان کردیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراطلاعات و نشریات سینٹر شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں،وہ وقت دور نہیں جب سرینگر کی مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں گے ،ہم کشمیریوں کی ترجمان کریں گے اور مظلوم کشمیریوں کو مایوس نہیں کریں گے ۔
کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے 5 اگست یوم استحصال منانے کااعلان کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو آزادکشمیر اسمبلی خطاب کریں گے ،5 اگست کیلئے پورا ایکشن پلان مرتب کیاہے،اس سال 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے،5 اگست کو کشمیریوں کے ساتھ تجدید عہد کریں گے ہماری منزل سرینگرہے ہماری نظرسرینگر ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیرہائی وے کا5 اگست سے نام سری نگر ہائی وے ہوگا،شائننگ انڈیاآج برننگ انڈیا میں تبدیل ہوچکا ہے ،ایل او سی پر تم فائرنگ کرو یا بمباری ،کشمیری جھکیں گے نہ پاک فوج پیچھے ہٹے گی ،ہم دنیا کو دکھا رہے ہیں ایل او سی پر بھارت کی حرکتیں کیاہیں ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، کئی بار خاموشی کاپیغام بڑا زبردست ہوتا ہے،5 اگست کیلئے ایک سوشل میڈیا مہم ڈیزائن کی ہے، سوشل میڈیا پرکشمیریوں پر مظالم کی داستان کو اجاگر کیا جائے گا،کشمیری بھائیوں،بہنوں تم تنہانہیں ہو۔
انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کو مقبوضہ کشمیر جانے نہیں دیاگیا،بھارت کشمیریوں کے عزم کوتوڑ نہیں پائے گایہ نقوش مٹنے والے نہیں ،انہوں نے کہاکہ ایک سال میں 3 بار مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا،مسئلہ کشمیر پر ترکی چین اورملائیشیا سمیت دیگر ممالک نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ۔