امریکہ میں مڈٹرم الیکشن 8نومبر کو ہونگے ، 10 لاکھ سے زائد پولنگ عملہ ڈیوٹی نبھائے گا

امریکہ میں مڈٹرم الیکشن 8نومبر کو ہونگے ، 10 لاکھ سے زائد پولنگ عملہ ڈیوٹی ...
امریکہ میں مڈٹرم الیکشن 8نومبر کو ہونگے ، 10 لاکھ سے زائد پولنگ عملہ ڈیوٹی نبھائے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے) امریکہ میں 8 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں 2 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر 1 ملین سے زائد پولنگ  ورکرز اپنے  فرائض سرانجام دیں گے. کرونا اور انتخابات میں پر تشدد واقعات کے خطرات کے پیش نظر امریکہ کی کئی ریاستوں کو پولنگ کے عملے کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے. کرونا کی وجہ سے اکثر ریاستوں میں 29 اکتوبر سے “ارلی ووٹنگ” بھی جاری ہے۔ جبکہ امریکہ بھر میں عام انتخابات کے لیے 8 نومبر، بروز منگل کا دن مقرر ہے۔

 امریکہ میں انتخابات منعقد کروانے کے لیے کسی مرکزی الیکشن کمیشن کی بجائے ہر ریاست کے اندر ہر کاؤنٹی کا اپنا الگ اور آزاد الیکشن بورڈ ہوتا ہے. جو مقامی، ریاستی اور وفاقی انتخابات کروانے کا ذمے دار ہوتا ہے. دیگر کئی ممالک کے برعکس امریکہ میں پولنگ ڈیوٹی دینے والا سٹاف بہت کم سرکاری ملازمین پر مشتمل ہوتا ہے. عام طور پر کوئی بھی پرائیویٹ شخص، جو امریکی شہری یا امریکہ کی مستقل سکونت رکھتا ہو، وہ اپنا نام پیش کر کے پولنگ سٹاف کا حصہ بن سکتا ہے.

امریکہ میں فیڈرل سطح پر ایک انتخابی ادارہ "یو ایس الیکشن اسسٹنس کمیشن" (یو ایس ای اے سی ) موجود ہے. جس کے عملے کی تعداد 30 ارکان پر مشتمل ہے.  اس کا صدر مقام میری لینڈ کا شہر سلور ہے. اس ادارے کا کام شفاف اور منصفانہ انتخابات کروانے کے عمل میں مختلف ریاستوں کے مقامی الیکشن بورڈز کو معلومات اور اعانت فراہم کرنا شامل ہے. 

امریکہ میں پولنگ سٹاف کی ذمہ داریوں کے لحاظ سے ان کے الگ الگ نام ہیں. امریکہ میں پولنگ اسٹیشن کے انچارج کے لیے پریذائیڈنگ آفیسر کی بجائے "کوآرڈینٹر" کی اصلاح استعمال ہوتی ہے. جبکہ دیگر پولنگ سٹاف کے لئے الیکشن کلرک، اسیسی بیلٹی کلرک، الیکشن ججز، انسپکٹرز، سکیننگ انسپکٹرز، اور کمشنرز کے نام استعمال کیے جاتے ہیں. اور ان سب کے لیے "پول ورکرز" کی اصلاح رائج ہے. ایک پولنگ اسٹیشن کے لیے اوسطاً 8کے قریب پولنگ سٹاف کی ضرورت ہوتی ہے. 

روایتی طور امریکہ میں الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے کا زیادہ تر تعلق بڑی عمر کے افراد سے ہوتا ہے. پولنگ ڈیوٹی زیادہ تر ریٹائرڈ شہری سرانجام دیتے ہیں جن میں خواتین کی کثیر تعداد شامل ہوتی ہے. ایک رپورٹ کے مطابق 2020ء کے انتخابات میں پولنگ ڈیوٹی دینے والوں میں81 فیصد خواتین تھیں. 

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پولنگ سٹاف کو دیئے جانے والے معاوضے کی شرح بھی الگ الگ ہے. بعض ریاستوں میں پول ورکرز کو 17ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے ادائیگی کی جاتی ہے.نیویارک میں پول ورکرز کو الیکشن کے دن 15 ڈالر زفی گھنٹہ کے حساب سے معاوضہ  دیا جاتا ہے. جبکہ ٹریننگ مکمل کرنے کے 25 ڈالرز الگ سے دیئے جاتے ہیں. فلاڈیلفیا میں معاوضہ کم از کم 200 ڈالر فی دن ادا کیا جاتا ہے. اکثر ریاستیں الیکشن کے موقع پر پول ورکرز کو ریگولر معاوضے کے علاوہ اضافی بونس بھی آفر کرتی ہیں. 

امریکہ میں پولنگ ورکرز کے متعلق کہا جاتا ہے کہ"یہ رائے شماری کے ایسے موسیقار ہیں جو انتخابات کو زندہ کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بتاتے ہیں کہ وہ عوام اور اس کے منتخب کردہ ممبران کے لیے کام کریں".