سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے بگل بجا دیا
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے بگل بجا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے حقوق کے حصول اور دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کیخلاف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا گیا۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں ببرلو بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مطالبات کے حق میں نعرے بلند کیے۔ دھرنے کے باعث قومی شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔سندھ، پنجاب، بلوچستان آنے و جانے والی سیکڑوں چھوٹی و بڑی گاڑیوں میں سوار مسافروں بالخصوص خواتین و بچوں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
"جنگ " کے مطابق دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر قادر مگسی اور جام فتاح سمیجو ودیگر نے کہاکہ سندھ کا پانی دیگر صوبوں کا دینے کا منصوبہ قبول نہیں، سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمین پہلے ہی بنجر ہورہی ہیں، اس منصوبے سے سندھ خشک سالی کا شکار ہوجائیگا، اپنے حصے کا پانی کسی کو نہیں لینے دیں گے۔ ببرلو بائی پاس پر دھرنے کے بعد 24نومبر کو کراچی میں احتجاجی دھرنا دیں گے24نومبر کے کراچی کے دھرنے میں سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں اور سندھ میں بسنے والے تمام افراد کو شریک ہونے کی دعوت دیں گے۔