افغانستان میں بھارتی قونصل خانے دہشتگردی کے اڈے بن گئے: جماعۃ الدعوۃ


لاہور(سٹی رپورٹر)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے رہنماؤں نے افغانستان سے پاکستانی فوجی چوکیوں پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں بیٹھے دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے اور منظم منصوبہ بندی کے تحت سرحدی علاقوں میں افواج پاکستان پر حملوں کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ مودی سرکار دہشت گردانہ پالیسیوں سے پورے خطہ میں جنگ کی آگ بھڑکا رہی ہے۔ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے ہیں جہاں سے تخریب کاروں کو عسکری تربیت دیکر پاکستان داخل کیا جارہا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، ابوالہاشم ربانی اور حافظ خالد ولید نے کہاکہ بی جے پی سرکار کے دور حکومت میں آئے دن اجیت دوول جیسے ہندوستانی فوجی افسروں کی افغانستان میں دہشت گردوں سے ملاقاتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ افواج پاکستان پر حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں کیلئے انڈیا بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریب کار ی و دہشت گردی کو پروان چڑھا نے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔