رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو پاکستان میں عارضی قیام کی اجازت ، نوٹیفکیشن جاری 

                                                                         اسلام آباد (این این آئی)قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں عارضی رہنے کی اجازت دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔جاری کردہ نو ٹیفکیشن کے مطابق پی او آر یا اے سی سی کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین کو تحفظ حاصل ہو گا۔وفاقی کابینہ کے آئندہ فیصلے تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین عارضی قیام کر سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار نہ کیا جائے۔قبل ازیں وزارت سرحدی و ریاستی امور (سیفران) نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجنے کی ہدایات جاری کی تھیں ۔افغان مہاجرین کی مبینہ گرفتاریوں کے معاملے پر وزرات سیفران نے خط میں لکھا تمام صوبے یقینی بنائیں کہ قانونی افغا ن مہاجرین کو ہراساں نہ کیا جائے، پروف آف رجسٹریشن اور افغان سیٹیزن کارڈ والوں کو عارضی طور پر رہنے کی اجازت ہے۔ قانونی دستاویزات کے حامل مہاجرین کی واپسی رضاکارانہ بنیاد پر ہی ہوسکتی ہے۔وزارت سیفران نے اپنے خط میں تمام صوبوں کو اس معاملے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ قانونی افغان مہاجرین کو گرفتار اور ہراساں نہ کریں۔واضح رہے گزشتہ روز وزارت سرحدی و ریاستی امور نے کہا تھا قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجا جائے۔ادھر بہاولنگر سمیت مختلف مقامات سے غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کی اپنے ملک روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کو ملک سے نکالنے کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں بہاولنگر سمیت ضلع بھر کے چاروں تحصیلوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں اور انہیں اپنے ملک بھیجنے کیلئے تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

افغان مہاجرین